وہ ورزش جو آپ کو موت کی خبر دے دے

وہ ورزش جو آپ کو موت کی خبر دے دے
news-1417698731-5292.jpg


برازیلیا (نیوز ڈیسک) بڑھتی عمر کے ساتھ کمزوری اور بیماریاں بھی بڑھتی جاتی ہیں اور انسان موت کے قریب ہوتا چلا جاتا ہے۔ اگرچہ قدرت نے موت کے وقت کو راز رکھا ہے لیکن عمومی صحت کے جائزے سے سائنسدان یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہم کتنا عرصہ صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔ تاحال تو اس مقصد کیلئے پیچیدہ اور مہنگے ٹیسٹ کئے جاتے رہے ہیں لیکن برازیل کے ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے ایک نہایت سادہ اور آسان ٹیسٹ ایجاد کر لیا ہے جو یہ بتا سکتا ہے کہ آپ صحتمند ہیں یا آپ کی زندگی لڑکھڑاتے ہوئے اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے۔

اس ٹیسٹ کو ”سٹنگ - ر ائزنگ ٹیسٹ“ (ایس آر ٹی) کا نام دیا گیا ہے اور آپ اسے کسی بھی مشین یا آلے کے بغیر ہی کر سکتے ہیں۔ گیما فلہو یونیورسٹی کے سائنسدان کلاڈیوگل اراجو اس ٹیسٹ کی وضاحت کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ آپ جوتا اتار کر اور آرام دہ لباس پہن کر سیدھے کھڑے ہو جائیں اور پھر بغیر کسی سہارے کے زمین پر بیٹھیں۔ نیچے بیٹھتے ہوئے ٹانگوں میں خم ڈال کر آلتی پالتی مارتے ہوئے بیٹھیں۔ اب بغیر کسی سہارے کے دوبارہ سیدھے کھڑے ہو جائیں۔ اگر تو آپ بغیر لڑکھڑائے آسانی اور توازن کے ساتھ بیٹھ اور اٹھ سکتے ہیں تو آپ کے پٹھے، ہڈیاں اور عضلات بالکل ٹھیک حالت میں ہیں اور جسمانی صحت بھی اچھی ہے اور آپ کو 10 میں سے 10 نمبر ملیں گے۔ اگر آپ بیٹھنے یا اٹھنے کے دوران ہاتھ یا کسی اور چیز کا سہارا لیتے ہیں یا توازن برقرار نہیں رکھ پاتے اورلڑکھڑاتے ہیں تو ہر سہارے کیلئے ایک نمبر کٹے گا اور توازن بگڑنے پر آدھا نمبر کٹے گا اور یوں 10 میں سے حاصل کردہ نمبر کم ہوتے جائیں گے۔
بہتر ہے کہ آپ اس ٹیسٹ کے دوران شیشے کے سامنے کھڑے ہوں اور کوئی دوسرا شخص آپ کے توازن کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کرے کہ آپ کو 10 میں سے کتنے نمبر ملنے چاہئیں۔ تحقیق کے دوران یہ ٹیسٹ 200 افراد پر کیا گیا جن کی عمریں 51 سے 80 سال کے درمیان تھیں۔ آٹھ یا زائد سکور کو بہترین، 4 سے 7 کو اوسط اور 3 یا کم کو تشویشناک قرار دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے معلوم کیا کہ جن افراد کا سکور 3 یا اس سے کم تھا، ان میں اگلے 6 سال کے دوران موت کا خدشہ 5 گنا زیادہ پایا گیا۔ نوجوان لوگ بھی اس ٹیسٹ کے ذریعے اپنی جسمانی صحت، طاقت اور توازن کا اندازہ کر سکتے ہیں اور اگر آپ لڑکھڑائیں یا سہارا لیں تو پریشان ہونے کی بجائے اپنی خوراک کو بہتر بنائیں اور خصوصاً ورزش پر توجہ دیں اور کچھ ماہ بعد دوبارہ یہی ٹیسٹ کریں۔
 

x boy

محفلین
ابھی میں مرنا نہیں چاہتا،،،
اللہ میری عمر دراز کریں اور میرے سات پشتوں کو میری طرح دنیا وآخرت میں سکون دے، آمین
آپ سب لوگوں کو بھی میری یہ دعاء لگ جائے ،، کہ عمر دراز ہو اور اچھے فیصلے اور کام کی توفیق کے ساتھ دین دنیا و آخرت میں سرخرو ہو،،،
آمین
اللہ پاک ہم سب کو یوم جزاء میں شرمندگی سے بچائے اور اعمال نامہ داہنے ہاتھ میں عطا فرمائے، آمین
 
Top