مکتوب وفاداری اور کُتا

ہمارے معاشرے میں جب وفاداری کی بات ہو تو صاب لوگ کُتے کی مثال دیتے ہیں ۔۔ مثال بُری بھی نہیں کیونکہ مثال تو اپنے ہم جنسون کی ہی دی جاتی ہے ورنہ اُس کا اثر نہیں ہوتا۔ جاہل معاشرے یا وہ معاشرے جہاں ظلم ہو یا جہاں لوگ اپنے مقام پر نا ہوں وہاں سے انسانیت روٹھ جاتی ہے اسی لئے وہاں سے صرف آہوں سسکیوں اور بلکنے کی آواز آتی ہے۔ یا پھر کتوں کی جو ہڈی پھینکنے والے کے حکم پر غراتے یا پھینکی ہڈی پر لڑتے نظر آتے ہیں۔
کیا کتا ایک وفادار جانور ہے؟؟؟ شاید ہاں کیونکہ یہ جان پر کھیل کر بھی اپنے مالک کے مال اور ذات کی حفاظت کرتا ہے۔۔ اسی لئے لوگ گھر میں کتے پالتے ہیں تاکہ چور وہاں آتے ڈریں۔۔
ان اعلٰی خصوصیات کے باوجود کتے کو ایک پلید جانور سمجھا جاتا ہے۔ کیونکہ کتے کی عادت ہے وہ غلاظت پسند کرتا ہے۔۔ گندی چیزوں پر منہ مارتا ہے۔۔ چاہے عمدہ اور پاک چیز کھا کر ہی آیا ہو۔۔
دوسری بات جو کتے کو پلید بناتی ہے وہ یہ ہے کہ ۔۔۔کتے کی وفادری اس کے ساتھ ہوتی ہے جو اسے کھانا کھلاتا ہے۔۔ اسی لئے جو لوگ کتا پالتے ہیں ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہی اسے کھانا ڈالیں تاکہ وہ ان کا وفادار رہے۔۔ہزاروں واقعات دنیا بھر میں ایسے ملتے ہیں کہ چور اور نقب زن آئے۔۔۔ انھوں نے کتے کو کھانا پھینکا۔۔اور کتا۔۔۔چوروں کو چھوڑ کر پھینکے ہوئے کھانے میں مصروف ہو گیا۔۔ گویا کتے کی وفاداری مالک سے نہیں بلکہ اپنے شکم سے ہوتی ہے۔۔۔مالک تو صرف ایک ذریعہ ہوتا ہے جس کے سامنے دم ہلا کر کتا شکم کا انتظام کرتا ہے۔۔
کتے کی فطر ت پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ اس کے ظاہر اور باطن میں فرق ہے۔سامنے دم ہلانے والا۔۔ پیٹ کی خاطر ۔۔پاکی پلیدی بھول جاتا ہے۔ یعنی کُتا جب تک انحصار کی کیفیت میں ہوتا ہے وفادار ہوتا ہے ۔۔ جب یہ ختم ہو جاتی ہے تو وفا کی کیفیت پہلے جیسی نہیں رہتی۔
کتا ہمیں باور کراتا ہے۔۔ جو رشتے مفاد کےلئے بنتے ہیں وہ مفاد رہنے تک ہی رہتے ہیں۔ جو غلاظت اور پلیدی کھانے میں قباحت محسوس نہیں کرتے وہ حق اور حلال کی قدرنہیں کر سکتے۔ جو قدر نہیں کر سکتے وہ وفاداری کیا نبھا ئیں گے۔۔؟

تو دوستو بات ہو رہی تھی وفا کی۔۔ انسانوں کی بستی میں وفا وہ پاکیزہ جزبہ کہلاتا ہے جو محبت اور ہمدردی کے جزبات سے جنم لیتا ہے۔ اس جزبے کا مظہر بے لوث احسان یا نیکی اور قربانی ہے۔ ۔ اسی لئے انسانی معاشرے میں اسے صاحبان آزاد اور مردان حُر کی صفت گردانا جاتا ہے۔ عشق و محبت کے جزبات کے بغیر اس جزبے یا صفت کا اظہار ممکن نہیں ہوتا۔
BTV: وفاداری اور کُتا
 
Top