وزیرستان میں فائرنگ، ٹی ٹی پی کے چار شدت پسند ہلاک

وزیرستان میں فائرنگ، ٹی ٹی پی کے چار شدت پسند ہلاک

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے میں ایک کار پر فائرنگ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کم از کم چار عسکریت پسند ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں ایک کار پر فائرنگ کر دی۔

ذرائع کے مطابق حملے میں مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر کشید خان محسود بھی شامل ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ حکیم اللہ محسود گروپ کے ایک مقامی کمانڈر تھے۔

دیگر ذرائع نے دعوی کیا کہ واقعہ دراصل خان سید عرف سجنا اور ولی الرحمان گروپ کے درمیان جھڑپ تھی۔

طالبان ذرائع نے اب تک اپنے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔

اس سے پہلے فروری میں طالبان کے انتہائی اہم کمانڈر اور ٹی ٹی پی شوریٰ کے رکن عصمت اللہ شاہین بھٹانی شمالی وزیرستان میں ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

انٹیلجنس ذرائع کے مطابق، بھٹانی کے قتل میں سجنا گروپ ملوث تھا، کیونکہ بھٹانی نے حکیم اللہ محسود کے جانشین کے طور پر سجنا کی مخالفت اور ملا فضل اللہ کی حمایت کی تھی۔

http://urdu.dawn.com/news/1003879/four-ttp-militants-killed-in-s-waziristan-attack-claim-sources
 
Top