وزیراعظم کا سیاحتی مقامات پر فائیواسٹار ہوٹلز بنانے کا حکم

جاسم محمد

محفلین
وزیراعظم کا سیاحتی مقامات پر فائیواسٹار ہوٹلز بنانے کا حکم
ویب ڈیسک جمعرات 7 نومبر 2019
سیاحت کے فروغ سے پاکستان میں رہنے والے افراد کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، عمران خان (فوٹو: فائل)

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سیاحت میں فروغ کے لیے سیاحتی مقامات پر فائیو اسٹار ہوٹلز بنانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نیشنل ٹورازم اسٹریٹیجی 2020-2030ء تشکیل دی گئی ہے اور نیشنل ٹورازم ایکشن پلان 2020-2025ء مرتب کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیاحت کے فروغ کی غرض سے مختلف ایونٹس کے لیے نیشنل کلینڈر ترتیب دیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا ہےا ور اس کی نئی ویب سائٹ قائم کی گئی ہے اور آن لائن بکنگ کا نظام رائج کیا گیا ہے۔ سیاحت سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کا عمل جاری ہے، اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، سیاحت کے شعبے کے فروغ سے پاکستان میں رہنے والے افراد کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، دنیا بھر سے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے جس سے سیاحت سے منسلک سیکٹرز کو فروغ ملے گا، نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
 
Top