نوائے منزل کی جہد مسلسل کا ایک سال۔ از قلم۔ عبدالرزاق قادری

نوٹ یہ تحریر ستمبر 2011 میں شائع ہوئی۔
رب ذو الجلال کے کر م رفقاء کی دُعاؤں اور قارئین کرام کی محبتوں اور چاہتوں کی بدولت ماہنامہ نوائے منزل گزشتہ ایک سال سے اپنے نیک مقاصد کی جانب کامیابی سے رواں دواں ہے۔ نوائے منزل نے ہمیشہ تعمیری انداز میں محبتیں بانٹنے کی کوشش کی ہے ۔ اس پر آشو ب دور میں اور اِ ن گئے گزرے حالات میں نوائے منزل ایک امید کی کرن بن کر چمکا ہے ۔ اس ادارے نے معاشرے کے ہمہ گیر مسائل کو ہمیشہ نہایت دردمندانہ انداز میں ملک و قوم کے سامنے پیش کیا ہے اور اُمت مسلمہ کی بھلائی کا خواہاں رہا ہے ۔ میگزین ہذا کے تما م قلم کار اور مدیران مثبت سوچوں کے حامل ہیں ۔ جس کا ثبوت یہ کہ گزشتہ گیارہ ماہ کے شماروں میں عوام الناس کو جہاں جہاں دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے قلم اُٹھایا گیا ہے۔ اُن صفحات پر صرف محبتوں کا درس دیا گیا ہے ۔ کسی بھی موضوع کے حوالے سے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش نہیں کی گئی شاید یہی وجہ ہے کہ نوائے منزل عوامی حلقوں میں اپنی مقبولیت قائم کرنے میں کامیاب رہا اورتا دم تحریر وطن عزیز کے پندرہ سے زائد مختلف شہروں میں نمائندے مقرر کر دئیے گئے ہیں اور پسند کیا جارہا ہے شمارے میں موجو دتمام موضوعات کی سنجیدگی اور پختگی کی وجہ سے بڑوں میں بھی اس کی پسندیدگی بڑھ رہی ہے ۔ لیکن نوجوان نسل خصوصاََ طلبا ء میں اس کی مقبولیت کا گراف زیادہ تیزی سے بلند ہو رہا ہے ۔ کیونکہ نوائے منزل موجودہ حالات کے اچھوتے موضوعات کو زیر بحث لاتا ہے اور ان کا مثبت اسلامی و فکر ی حل بھی پیش کرتاہے۔ تعلیم جیسے اہم موضوع پر نوائے منزل باقاعدگی سے نونہالان چمن کی آبیاری کررہا ہے ۔ تاکہ یہ نسل بہترین راہوں پر سفر کرتی ہوئی اپنی ’’منزل‘‘ کی’’نوا‘‘ کو سُنے اور اس پر عمل کر کے مستقبل میں اپنے پیچھے آنے والی نسل کے لیے رہبر ورہنما کا کردار بھی ادا کرسکے۔ اُمت مسلمہ میں وحدت و استحکام قائم کرنے کے حوالے سے شمارے میں تکنیکی انداز کے مضامین کی اشاعت جاری رہتی ہے ۔ جن میں مسلم اُ مہ کے تمام ملکوں تمام صوبوں تما م قوموں تما م نسلوں اور تمام رنگوں کے مسلمانوں تک اتحاد اور یکجہتی کی فضاء قائم کرنے کی دعوت بزورِ قلم پہنچائی جاتی ہے۔ پاکستان او ر دنیا بھر میں مسلمانوں کیلئے روز افزوں بڑھتے ہوئے مسائل کی تشخیص اسلا م کی لیبارٹری میں کی جاتی ہے اور نسخہ بھی اسلامی ہی پیش کیا جاتا ہے۔ اور ہر ماہ کی منا سبت سے تا زہ ترین حالات کی منا سبت سے تحار یر شامل اشاعت ہوتی ہیں جیسا کہ ماہِ صفر میں’’ فکر رضا کانفرنس ‘‘کی رپورٹ مارچ میں "یوم پاکستان" کے حوالے سے جذ بوں کو اُ بھارنے والا اداریہ ،مئی میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مختلف تحریریں اور ماہ اگست میں یوم آزادی او ر رمضان المبارک کے تذکرے شائع ہوئے ۔ اگست سے میگزین کی ترقی میں مزید اضافہ ہوا ہے یعنی اب قارئین انٹر نیٹ پر بھی شمارے کی تحریروں کو ملا حظہ فرما سکتے ہیں ادارے کے بلاگ کا اجراء ہو چکا ہے(رابطے میگزین کے پہلے صفحے پر موجود ہیں) ۔ نوائے منزل اپنے نئے لکھنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ہر ماہ کے شمارے میں صلائے عام ہوتی ہے یارانِ نکتہ داں کے لیے ۔ شمارے کا’’ نیوز اینڈ ویوز‘‘ مستقل سلسلہ سچ پر مبنی خبریں او ر عوام الناس کے مراسلے شائع کرکے قارئین کو گردو نواح سے باخبر رکھتا ہے۔مزید برآں نوائے منزل ہمیشہ سچ نشر کرنے کو ہی اپنا نصب العین سمجھتا ہے۔اس معیاری شمارے میں اظہار رائے کی آزادی اسلامی حُدود کے اندر رہ کر دی جاتی ہے۔اور کسی قسم کی بھی غیر شرعی بات کو شائع نہیں کیا جاتا۔ حدیث پاک کے حکم کے تحت نوائے منزل صرف لوگوں یعنی قارئین کو ہنسانے کے لیے جھوٹ یعنی لطیفوں کا سہارا نہیں لیتا بلکہ بچوں کی ذہنی استعداد بڑھانے کے لیے پہیلیاں اور کردار کی درستگی کے لیے وہ اخلاقی کہانیا ں جن سے اللہ اور آخرت کے حوالے سے ایمان تازہ ہوتا ہو وہ ضرور شائع کی جاتی ہیں۔ نوائے منزل میں چھپنے والے اشتہارات کے لیے ضروری شرائط میں سے ایک شرط فحاشی اور بے حیائی کے خلاف ہے ورنہ محض روپیہ پیسہ کمانے کی غرض ہوتی تو ان خرافات کا بھی سہارا لیا جاسکتا تھا جبکہ اپنی مارکیٹنگ کو بھی شرعی تقاضوں کے اندر رکھ کر ہی کیا جاتا ہے۔ نوائے منزل حسد اور رقابت جیسی روحانی بیماریوں سے بھی پاک ہے وہ اپنا مقام خود بنا نا اور محنت کرنا جانتا ہے۔ نوائے منزل کے نمائندگان یا صحافیوں نے کبھی بھی کسی بھی شمارے کی مارکیٹ کو خراب کرکے اپنی پوزیشن بنانے کی کوشش نہیں کی بلکہ نئے نئے تعلقات قائم کرکے نوجوان نسل میں خود علمی و ادبی شعور اُجاگر کرکے اپنے کارواں کو آگے بڑھا یا ہے۔شمارے کے آغاز سے لے کر اب تک چونکہ پہلا سال مکمل ہو رہا ہے اس لیے نوائے منزل اپنے تما م قارئین اور محبان کو پہلی سال گرہ کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ اور اُ نہیں اپنی محبتوں سے نواز نے پر شکریہ بھی ادا کرتا ہے۔ ادارہ اپنے قارئین سے ملتمس ہے کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ یہ شمارہ اُ ن کے تما م احباب کے اخلاق سنوارنے کے لیے ناگزیر ہے تو وہ اُ ن کو بھی نوائے منزل سے متعارف کروائیں اور اگر قارئین اس میں کوئی کمی یاکو تاہی وغیرہ دیکھتے ہیں تو آج ہی قلم اٹھا کر اپنی قیمتی رائے کا اظہار کر ڈالیں۔اور میگزین کے دفتر ارسال کر دیں اگر وقت کی کمی آڑے ہو تو دفتر کے رابطہ نمبروں پر کال کرکے اپنے مشوروں سے نواز سکتے ہیں آپ کی آراء کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ کیونکہ نوائے منزل کو اپنے ہر ایک ریڈر سے بے پناہ محبت ہے اور اُن کا حکم سر آنکھوں پر لینا اپنے لیے باعثِ صدا افتخار سمجھتا ہے ۔ میری شمارے کے مدیران سے التماس ہے کہ پہلی سال گرہ کے موقع پر ایک تقریب کا بھی انعقاد فرمائیں اور دور و نزدیک کے نمائندگان کو مدعو کرکے اعزاز بخشیں ۔اگر پیارے قارئین بھی چاہتے ہیں کہ ایسا ہونا چاہیے تو وہ چیف ایڈیٹر صاحب اور ایڈیٹر صاحب کو کال کرکے اپنی تجاویز سے آگاہ کر سکتے ہیں یا ای میل کے ذریعے اپنا پیغام پر بھیج سکتے ہیں۔ میں پُر امید ہوں کہ ماہ رواں میں اس تقریب کے انعقاد کی تیاری ہوجائے گی اور نزدیک و دور سے تما نمائندگان کو دعوت بھی دے دی جائے گی اور انشاء اللہ آئندہ ماہ والے شمارے میں سال گرہ کی تقریب کی رنگین تصاویر اور رپورٹ بھی شامل ہوجائیں گی۔آخر میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعاگو ہوں کہ وہ ہمارے اس خوبصورت سے جریدے کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور ہمیشہ حق نشر کرنے کی تو فیق عطا فرمائے ۔(آمین )
 
Top