نعت: تجھ پہ صدقے ترے قربان مدینے والے ٭ نصر اللہ خان عزیزؔ

تجھ پہ صدقے ترے قربان مدینے والے
مال و اولاد، دل و جان مدینے والے

ساری مخلوق پہ اللہ نے فضیلت بخشی
اللہ اللہ تری شان مدینے والے

ہر اذیت پہ ہدایت کی دعا دی تو نے
دشمنوں پر بھی یہ احسان مدینے والے

ترے دربار میں کس طرح سے میں جا پہنچا
عقل و تدبیر ہیں حیران مدینے والے

تری جانب سے اشارہ جو حضوری کا ہوا
مشکلیں سب ہوئیں آسان مدینے والے

جب پڑھا میں نے مواجہ پہ درود اور سلام
ہو گئے پورے سب ارمان مدینے والے

اپنے خوانِ کرم و لطف سے محروم نہ رکھ
میں ہوا ہوں ترا مہمان مدینے والے

رازِ بے تابیِ دل فاش یہ کر دیتے ہیں
کیا کروں اشک ہیں نادان مدینے والے

اپنے دربار میں پھر مجھ کو بلا لے آقا!
دل مرا پھر ہے پریشان مدینے والے

اپنے اللہ کی محبت میں جو سرشار ہوں میں
یہ بھی ہے تیرا ہی فیضان مدینے والے

٭٭٭
ملک نصر اللہ خان عزیزؔ
 
Top