شاہ نیاز میں وہ کوئی ہوں جس کا خدائی میں نام ہے - شاہ نیاز بریلوی

حسان خان

لائبریرین
میں وہ کوئی ہوں جس کا خدائی میں نام ہے​
کہتے ہیں جس کو حُسن سو مجھ پر تمام ہے​
​
عالم میں میری جلوہ نمائی کا ہر طرف​
غوغا ہے غل ہے شور ہے اور دھوم دھام ہے​
​
خلقت کے کان پُر ہیں اسی ذکر سے ہوئے​
ہر ہر زبان پر یہی بات اور کلام ہے​
​
جس دل میں دیکھئے تو ہماری ہی چاہ ہے​
جو آنکھ ہے سو تک رہی ہم کو مُدام ہے​
​
ہر سر کے بیچ اپنا ہی سودا ہے بھر رہا​
اپنی تڑپ میں ریشہ و رگ ہر کدام ہے​
​
دیکھا ہے جس نے حُسن ہمارا بچشمِ دل​
خوبانِ اس جہان سے کب اُس کو کام ہے​
​
حاضر ہے بندگی میں ہماری تمام خلق​
از عرش تا بفرش سب اپنا غلام ہے​
​
رکھتا ہے ہم سے ہر کوئی راز و نیاز شیخ​
پر ایک نیاز اپنا مدار المہام ہے​
​
(حضرت شاہ نیاز بریلوی)​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top