میری اسکیچ بک ( نمبر۲)

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
تقریباٍ سات سال پہلے ایک دھاگا بعنوان میری اسکیچ بک شروع کیا تھا ور اپنی متعدد اسکیچ بکس میں سے کچھ اسکیچ اس میں لگائے تھے لیکن وہ سب روابط وقت کے ہاتھوں بے ربط ہوگئے ( بلکہ یوں کہیے کہ انگریزی میں گل سڑ گئے :D
یہ نیا دھاگا اسی لیے شروع کیا ہے کہ ان میں سے کچھ اسکیچ یہاں دوبارہ سے لگا دیے جائیں اور پچھلے سات سالوں میں بنائی گئی کچھ نئی تصاویر بھی پوسٹ کردی جائیں ۔
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
پچھلی اسکیچ بک میں کچھ اس طرح کا تعارفی پیراگراف لکھا تھا : "نہ معلوم کب اورکس طرح تیسری چوتھی جماعت ہی سے مجھے ڈرائنگ کا شوق لاحق ہوگیا ۔ ہر وقت سلیٹ پر چاک سے کچھ نہ کچھ بنا بنا کر گھر والوں کو دکھایا کرتا تھا ۔ اور جب تک وہ ’’ ہاں ہاں اچھی ہے ، اچھی ہے‘‘ نہ کہہ دیں میں سلیٹ اٹھائے اٹھائے ان کے پیچھے پیچھے ہی لگا رہتا تھا ۔ بعض اہلِ خانہ تو فن شناسی میں اس قدر ماہر ہوگئے تھے کہ اکثر اوقات سلیٹ کی طرف دیکھے بغیر ہی ’’ ماشاء اللہ ، واہ بھئی واہ‘‘ اور ’’شابش ہے بھئی ،تم تو استاد پکاسو خاں بنتے جارہے ہو‘‘ وغیرہ جیسے کلماتِ تحسین سے نوازا کرتے تھے ۔ اپنے آرٹ کی اس درجہ عزت افزائی کا فائدہ یہ ہوا کہ ہمارا کیرئر پلان بچپن ہی میں یکسرتبدیل ہو گیا ۔ چنانچہ ہم آرٹسٹ بننے کے خواب بھول کر سائنسدان اور ڈاکو وغیرہ ۔۔۔۔۔ معاف کیجئے گا ڈاکٹر وغیرہ بننے کے خواب دیکھنے لگے ۔ تفنن برطرف ، بچپن ہی سے آرٹ کا یہ مشغلہ اب تک دل کے بہت قریب میرے ساتھ ساتھ چلا آرہا ہے ۔ اب یہ الگ بات ہےکہ جب فرصت و فراغت میسرتھی تو شوق پورا کرنے کے لئے جیب میں پیسے نہیں تھے ۔ اب وہ مسئلہ نہیں رہا تو فرصت ڈھونڈے نہیں ملتی ۔ میں نے رنگین پینسل، پین اینڈ انک، پیسٹل ، واٹر کلر اور ایکریلک وغیرہ تقریبا ہر میڈیم میں کچھ نہ کچھ شوق پورا کیا ہے ۔ لیکن زندگی کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کے ساتھ جیسے جیسے فرصت کم ہوتی گئی ہے پچھلے دس بارہ سالوں سے سارا شوق سمٹ کر بوجوہ ڈرائی میڈیا تک محدود ہوگیا ہے ۔ آسانی اس میں یہ ہے کہ جب اور جہاں موقع ملا کاغذ اور پین اٹھا کر کچھ لکیریں کھینچ دیں ۔ ایک اسکیچ بک اور ایک جیل پین سفر و حضر میں ساتھ رہتا ہے ۔ تقریباً دس سالوں سے پین کے علاوہ اب اور اور کچھ شاذ و نادر ہی کرتا ہوں ۔"
ان میں سے اکثر اسکیچ کسی پینٹنگ یا فوٹو سے متاثر ہو کر بنائے گئے ہیں ۔ میرے پرانے شہر ایپلٹن سے کوئی ڈیڑھ گھنٹے دور جھیل مشی گن پر ایک قدیم شہر بنام اسٹرجن بے ہے ۔ یہاں کا ایک آرٹسٹ گیرارڈ ملر میرے پسندیدہ ٓرٹسٹوں میں سے ہے ۔ اور اس کے کام سے متاثر ہوکر میں نے کئی اسکیچ پین سے بنائے ہیں ۔ مجھے لائٹ ہاؤس اور پن چکیوں سے خصوصی دلچسپی رہی ہے ۔ اس لیے ان کے بھی کئی اسکیچ آپ کو یہاں نظر آئیں گے۔
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top