سید شہزاد ناصر
محفلین

برفانی ہاتھی کی معدومی کے معاملے پر خاصی بحث و تمحیص ہوتی رہی ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ختم ہوئے یا انسانوں کے ہاتھوں
سائنس دانوں نے کہا ہے کہ شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ اون دار برفانی ہاتھی (میمتھ) کے معدوم ہونےکی بڑی وجہ انسان نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی تھی۔
ڈی این اے کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ جب دنیا کا درجۂ حرارت بدلنے لگا تو میمتھ کی تعداد کم ہونا شروع ہو گئی۔ یہ واقعہ اس سے بہت پہلے رونما ہونا شروع ہوا جتنا اب تک سمجھا جاتا تھا۔
اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یورپ میں برفانی ہاتھی کی ِخاصی آبادی موجود تھی جو آج سے تیس ہزار سال قبل ختم ہونا شروع ہو گئی۔یہ تحقیق پروسیڈنگز آف رائل سوسائٹی بی نامی سائنسی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔تحقیق کے سربراہ اور سویڈش میوزیم آف نیچرل ہسٹری کے ڈاکٹر لو ڈیلن نے بی بی سی کو بتایا:
’یہ ظاہر ہوا ہے کہ برفانی ہاتھی خاصا متحرک قسم کا جانور تھا، جو مقامی طور پر معدوم ہونے، توسیع اور ہجرت کے مراحل سے گزرتا رہا۔‘
ڈاکٹر ڈیلن نے لندن میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اون دار برفانی ہاتھی کے تین سو نمونوں کا جائزہ لیا، جن سے انھوں نے نہ صرف برفانی ہاتھیوں کی تعداد کا اندازہ لگایا بلکہ ان کی ہجرت کے انداز و اطوار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔واضح رہے کہ کسی جانور کا ڈی این اے جتنا متنوع ہو، اس کی آبادی اتنی ہی زیادہ ہوتی ہے۔
انھوں معلوم ہوا کہ آج سے ایک لاکھ بیس ہزار سال قبل جب دنیا برفانی دور سے نکل کر تھوڑی سی گرم ہونا شروع ہوئی تو برفانی ہاتھی کی نسل تقریباً معدوم ہو چلی تھی۔ تاہم جب زمین ایک اور برفانی دور میں داخل ہوئی تو ان کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو گیا۔

سائنس دانوں نے برفانی ہاتھی کے تین سے زیادہ نمونوں میں پائے جانے والے ڈی این اے کا جائزہ لیا
سائنس دانوں نے معلوم کیا کہ برفانی ہاتھی کے معدوم ہونے اس سے پہلے لگائے گئے اندازوں کے برعکس آج سے چودہ ہزار سال قبل نہیں بلکہ بیس ہزار سال قبل شروع ہو گئی تھی۔ان کا اندازہ ہے کہ اس وقت دنیا کا درجہ حرات اس قدر کم ہو گیا تھا کہ برفانی ہاتھی کی خوراک گھاس کی دستیابی مشکل ہو گئی۔ اس کے بعد جب برفانی دور ختم ہوا تو گھاس کے میدانوں کی جگہ جنگلات نے لے لی جس سے یہ ہاتھی مزید مشکلات سے دوچار ہو گئے۔
برفانی ہاتھی کے معدوم ہونے کے معاملے پر خاصی بحث و تمحیص ہوتی رہی ہے۔ بعض سائنس دانوں کا خیال ہے کہ انھیں انسانوں نے شکار کر کے ختم کر دیا، جب کہ دوسرے کہتے ہیں کہ ان کا خاتمہ موسمیاتی تبدیلی نے کیا اور جب برفانی دور ختم ہوا تو وہ اپنے آپ کو گرم ہوتی ہوئی دنیا کے حالات میں ڈھال نہیں سکے۔
موسمیاتی معدومی والے نظریے میں ایک خامی یہ ہے کہ دنیا برفانی ہاتھی کے خاتمے سے بہت پہلے گرم ہونا شروع ہو گئی تھی۔تاہم اب اس نئی تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ میمتھ کی تعداد برفانی ادوار کے درمیان کم ہونا شروع ہو گئی تھی۔اس سے قبل 2010 میں برطانیہ کی ڈرہم یونیورسٹی میں اس زمانے کے کمپیوٹر ماڈل کی مدد سے کی جانے والی تحقیق سے بھی یہی نتائج برآمد ہوئے تھے۔اس کے علاوہ برفانی دور ختم ہونے کے بعد انسانوں سمیت دوسرے جانور زیادہ فعال ہو گئے، جس کی وجہ سے دوسرے جانوروں کے ساتھ وسائل کے حصول پر ہونے والا مقابلہ بھی بڑھ گیا۔پروفیسر ایڈرین لسٹر کہتے ہیں کہ یہ بات بھی برفانی ہاتھی کے معدوم ہونے کی ایک وجہ بنی، تاہم یہ بنیادی وجہ نہیں تھی:
’50 ہزار سال سے 20 ہزار سال قبل آنے والے برفانی دور میں برفانی ہاتھی کی آبادی میں خاصا ردوبدل ہوا۔ مثال کے طور پر مشرق سے آنے والی آبادیوں نے یورپ میں رہنے والی آبادیوں کی جگہ لے لی۔
’لیکن آج سے 20 ہزار سال پہلے برفانی ہاتھی کی آبادی میں ڈرامائی کمی واقع ہونا شروع ہوئی۔۔۔ اس میں انسانوں کے کردار کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔‘
ربط
http://www.bbc.co.uk/urdu/science/2013/09/130911_mammoth_extinction_zis.shtml