موت کے بعد بھی وفادار طوطا

جاسمن

لائبریرین
آگرہ: طوطے نے مالکن کے قاتل کو پکڑوا دیا
28 فروری 2014
140123083832_policx_304x171_ap.jpg

ہمیں قاتل کی شناخت میں طوطے سے بہت مدد ملی:پولیس

اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے تاریخی شہر آگرہ میں ایک پالتو طوطے نے اپنی مالکن کے قاتل کو پکڑوا دیا۔

’ہیرا‘ نامی اس طوطے کی 55 سالہ مالکن کو 20 فروری کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا اور ان کے زیورات لوٹ لیے گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس خاتون کے رشتہ داروں کو ان کے بھتیجے پر قتل کا شک اس وقت ہوا جب انھوں نے دیکھا کہ قتل کے بعد جب بھی آشوتوش گوسوامی نامی یہ شخص اس جگہ آیا یا اس کا نام بھی لیا گیا تو طوطے نے اپنے پنجرے میں انتہائی بےچینی کا اظہار کیا۔

مقتولہ کے برادرِ نسبتی اجے شرما کے مطابق ’اہل خانہ نے اس کے سامنے خاندان والوں کے نام لینا شروع کیے تو باقی ناموں پر چپ رہنے والا طوطا آشوتوش کے نام پر چیخنے لگا اور اس کے رویے سے آشوتوش پر شک گہرا ہوگیا۔‘

اجے کے مطابق یہ معلومات پولیس کو فراہم کی گئیں جس نے تفتیش کے بعد آشوتوش کو اس کے ساتھی سمیت منگل کو گرفتار کر لیا۔

35 سالہ آشوتوش کے ہاتھ پر مقتولہ کے پالتو کتے کے کاٹنے کا نشان بھی پایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی سے مسروقہ زیورات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

آگرہ پولیس کے ایس ایس پی شلب ماتھر کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں طوطا واقعی مددگار ثابت ہوا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں قاتل کی شناخت میں طوطے سے بہت مدد ملی۔‘
 
Top