بِسمِ اللہِ الرَّحمٰنِ الرِّحِِیم
پیش لفظ
زیرِ نظر کتابچہ تحریکِ پاکستان اور قائداعظم سے متعلق منتخبہ نظموں پر مشتمل ہے۔اِس مجموعہ کو 14 'اگست 1986ء کو آزادی کی انتالیسویں سالگرہ کی تقریبات کے ایک حصّہ کے طور پرشائع کیا جا رہا ہے۔کتابچہ میں ایسی نظموں اور ترانوں کا انتخاب کیا گیا ہے جو ہماری جِدوجُہدِ آزادی کا ایک حصہ ہیں۔یہ نظمیں اور ترانے یا تو مسلم لیگ کے جلسوں میں پڑھے گئے یا پھر نذرانہ ہائے عقیدت کے طور پر قائداعظم محمد علی جناح کو مختلف موقعوں پر روانہ کئے گئے۔ماسوائے چند ایک نظموں کےتمام نظمیں یا تو قائداعظمؒ پیپرز سے منتخب کی گئی ہیں یا پھر جدوجہد آزادی کی ان نایاب کتب سے استفادہ کیا گیا ہے۔ جو قومی ادارہ برائے تحفظ دستاویزات نے محفوظ کر رکھی ہیں۔
ہر نظم کی آفادیت کو اجاگر کرنے کےلئے حاشیہ تحریر کیا گیا ہے۔ جس میں حوالہ نمبر کے علاوہ اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ موقع محل سامنے آ سکیں جن کی مطابقت میں نظم تحریر کی گئی تھی تا کہ قارئین کو تحریکِ پاکستان کا پس منظر سمجھنے میں آسانی ہو۔
ہمیں امید ہے کہ کتابچہ طلباء اور خاص کر تاریخ کے طلباء کیلئے بہت دلچسپ ثابت ہوگا۔ اور اس کے علاوہ دیگر اہلِ ذوق حضرات کے لیے بھی دلچسپی کا باعث ہو گا۔
اس کتابچہ کی تیاری اور اشاعت میں جناب اشرف علی 'ڈپٹی ڈائریکٹر' جناب ملک محمد ریاض اور ریاض الحسن صاحب نے محنت سے کام کیا ہے جس کیلئے میں ان کا ممنون ہوں۔
عتیق ظفر شیخ
ڈائریکٹر
قومی ادارہ برائے تحفظ دستاویزات
اسلام آباد
اگست 1986ء
حکومت پاکستان
(ج)