مشرف کو اسپتال میں وی وی آئی پی سہولت،چہل قدمی اور ملاقاتیں

اسلام آباد (اعزازسید) سابق فوجی صدر پرویز مشرف آرمڈ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اپنے وی وی آئی پی کمرے سے منسلک راہدری میں چہل قدمی کرتے ہیں۔ ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ پرویز مشرف یہ چہل قدمی ڈاکٹروں کی طرف سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں کرتے ہیں۔ اسپتال میں سابق فوجی صدر کو ایک خصوصی قریباسولہ بائی سولہ کا کمرہ دیا گیا ہے ۔ سابق صدر و آرمی چیف کو انٹرنیٹ اور ایک بڑے سائز کے پلازمہ ٹی۔وی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ پرویز مشرف اسپتال میں قیام کے دوران صرف اپنی اہلیہ اور چند انتہائی قریبی دوستوں سے بھی مل رہے ہیں ۔ پرویز مشرف کے کمرے کے باہر بھی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں کم ازکم تین فوجی ہروقت ڈیوٹی پر ہوتے ہیں۔ پرویز مشرف کی سیکورٹی کیلئے خصوصی طور پر ٹرپل ون بریگیڈ کو تعینات کیا گیا ہے جو راولپنڈی اور اسلام آباد کی اہم عمارات بشمول وزیراعظم ہاوس کی سیکورٹی کی ذمہ دار ہے ۔ اسی بریگیڈ نے 12 اکتوبر 1999ء کو منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر مشرف کو اقتدار میں لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔یاد رہے کہ پرویز مشرف دو جنوری کو اپنے خلاف غداری کیس کی سماعت میں شرکت کے لیے نکلے تھے کہ دل کی مبینہ تکلیف کے بعد انہیں آرمڈ فورسز انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا جہاں وہ اب تک زیرعلاج ہیں۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=164489
 
Top