مسجد نبوی اور مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا

جاسم محمد

محفلین
مسجد نبوی اور مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا
ویب ڈیسک اتوار 31 مئ 2020
2046207-masjidnabvi-1590917892-329-640x480.jpg

نماز کی ادائیگی کے وقت کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھا گیا

مدینہ: سعودی عرب میں مسجد نبوی اور فلسطین میں مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں دیگر مساجد کی طرح مسجد نبوی اور مسجد اقصیٰ کو بھی نمازیوں کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

سعودی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دیگر مساجد کی طرح مسجد نبوی کو بھی ڈھائی ماہ بعد نماز کی ادائیگی کے لیے کھول دیا گیا۔

اس موقع پر نمازیوں کا جوش وخروش دیدنی تھا اور فرزندان اسلام بڑی تعداد میں جوق در جوق نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد نبوی آئے۔ مسجد کو گنجائش کے حساب سے 40 فیصد نمازیوں کے لیے کھولا گیا ہے۔

نماز کی ادائیگی کے وقت کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور زیادہ تر نمازیوں نے ماسک پہنے تھے اور جائے نماز ساتھ لائے تھے جبکہ صف بندی میں آپس میں متعین فاصلہ بھی رکھا گیا۔

مسجد کے دروازوں پر نمازیوں کا درجہ حرارت معلوم کرنے کے لیے خود کار خصوصی تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن پر طبی اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں بھی مسجد اقصیٰ کو فجر کے وقت نماز کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ مسجد میں داخل ہوتے وقت مسلمانوں نے الله اكبر کے نعرے بلند کیے اور سجدہ شکر بجالائے۔
 
Top