مری خاطر سے واں تک دوستو جاتے تو کیا ہوتا ۔ نظام رامپوری

فرخ منظور

لائبریرین
مری خاطر سے واں تک دوستو جاتے تو کیا ہوتا​
کسی ڈھب سے جو یاں تک اس کو لے آتے تو کیا ہوتا​
​
ٹھکانے دل نہیں اب تک لگاوٹ کی بھی رنجش سے​
میں حیراں ہوں جو تم یوں روٹھ نہ جاتے تو کیا ہوتا​
​
ذرا تسکیں نہیں ہوتی کسی ہم دم کے کہنے سے​
مرے حق میں اگر کچھ وہ بھی فرماتے تو کیا ہوتا​
​
مرے سمجھانے کو تو ناصحا تشریف لائے ہو​
اسے جا کر اگر کچھ آپ سمجھاتے تو کیا ہوتا​
​
نہ تم آتے تو ہم کو چین آتا ہی نہیں ہرگز​
ہزاروں طور سے گر دل کو بہلاتے تو کیا ہوتا​
​
بھلا ناحق کے مجھ کو وہم میں کیوں آپ نے ڈالا​
مرے آگے نہ غیروں کی قسم کھاتے تو کیا ہوتا​
​
نظام اُن کو سحر ہوتے چلا جانا ہی جب ٹھہرا​
ٹھہرتے کب، اگر ہم لاکھ ٹھہراتے تو کیا ہوتا​
​
(نظام رامپوری)​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top