مائیکرو سافٹ کو تاریخی جرمان

راج

محفلین
20070223040747microsoft.jpg

کمپیوٹر سافٹ ویئر کے مشہور ادارے مائیکرو سافٹ کو ایک امریکی عدالت نے موسیقی کی 3 - MP ٹیکنالوجی بغیر اجازت استعمال کرنے پر ایک ارب باون کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کو جرمانے کی یہ رقم فون بنانے والی فرانسیسی کمپنی الکاٹیل لوسنٹ کو ادا کرنا ہوگی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس نوعیت کا یہ اب تک سب سے بڑا جرمانہ ہے۔

سان ڈیاگو کی ایک عدالت میں دائر مقدمے میں الکاٹیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ مائیکرو سافٹ آواز کو ایم پی تھری فائیلز میں تبدیل کرنے کے لیے جو طریقہ کار اختیار کر رہا ہے، اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے حقوق صرف الکاٹیل حاصل ہیں۔

مائیکروسافٹ نے عدالتی فیصلے کو قانون اور حقائق کے بر عکس قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ایم پی تھری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اس نے جرمنی کی ایک کمپنی سے سولہ ملین ڈالر کے عوض لائسنس حاصل کر رکھا ہے۔

ادھر الکاٹیل کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے سے خوش ہے۔ الکاٹیل لوسنٹ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا ’ہم نے اپنے موقف کے حق میں مضبوط دلائل پیش کیے‘۔

مائیکروسافٹ کے وکیل ٹام برٹ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے الکاٹیل کو ایسے سینکڑوں اداروں پر مقدمات قائم کرنے کا موقع مل جائے گا جنہوں نے ان کی طرح جرمن فرم سے ایم پی تھری ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے حقوق خرید کیے ہوئے ہیں۔
 
Top