قہقہوں کے تیر برسائے تو گھائل میں بھی تھا - رشید قیصرانی

ظفری

لائبریرین
قہقہوں کے تیر برسائے تو گھائل میں بھی تھا​
اشک جب وہ بانٹنے نکلا تو سائل میں بھی تھا​
رات بھر لڑتا رہا ہوں باغیوں کی فوج سے​
صبح دم دیکھا تو خود اپنے مقابل میں ‌بھی تھا​
کفر تھا سورج جہاں اور روشنی مصلوب تھی​
اس جہانِ سرد میں اک برف کی سل میں بھی تھا​
وہ بھی تھا دشمن مرا ، مجرم مرا ، قاتل مرا​
اپنا دشمن ، اپنا مجرم ، اپنا قاتل میں بھی تھا​
چاند پر اپنی سیاھی پھینکنا پھر ناچنا​
جشن اندھی رات کا تھا اور شامل میں بھی تھا​
حبس اتنا تھا کہ دی وحشی ہواؤں کو صدا​
پھر وہاں زخمی شجر تھے اور گھائل میں بھی تھا​
کیسے ہوتیں پھر بیاض دل کی تفسیریں رشید​
وہ بھی لب بستہ تھا اور کچھ حرف مشکل میں بھی تھا​
 
شمشاد

لائبریرین
ظفری بھائی شریک محفل کرنے کا شکریہ۔
شاعر کا نام بھی لکھ دیا کریں تو کیا ہی بات ہے۔
 
ظفری

لائبریرین
احباب کی پسندیدگی کا شکریہ ۔
شمشاد بھائی ! کوئی اچھا کلام نظر سے گذرتا ہے تو میری کوشش ہوتی ہے کہ یہاں فوراً شئیر کروں مگر اگر کچھ دیر تحقیق کے بعد بھی شاعر کا نام تلاش کرنے سے قاصر رہتا ہوں تو اس اُمید پر یہاں پوسٹ کردیتا ہوں کہ اب اردو محفل پر ماشاءاللہ ااتنے صاحب ِ ذوق اور شعر و ادب سے لگاؤ رکھنے والی بڑی بڑی شخصیت ہیں ۔ جو نہ صرف ان فن میں گہرا مطالعہ رکھتیں ہیں بلکہ شعر و ادب کی دنیا میں انہیں بھی اپنا ایک الگ مقام حاصل ہے ۔ اس کی مثال اس دھاگے پر موجود ہے کہ استادِ محترم نے فوراً شاعر کا نام وضع کردیا ۔ میں اس کے لیئے بھی استادِ محترم کا شکر گذار ہوں ۔
 
الف عین

عزیزم گوگل اس کام آتے ہیں۔
 
ظفری

لائبریرین
استادِ محترم ! اس مشقت کے لیئے گوگل ہی استعمال کرتا ہوں ۔ مگر جیسا کہ میں نے عرض کیاکہ کچھ دیر کی تحقیق کے بعد تلاش سے قاصر رہتا ہوں تو پھر بلا تردد کے ارسال کردیتا ہوں ۔ بس یہ کچھ دیر کی تحقیق کتنی ہوتی ہے یہ میں ہی جانتا ہوں ۔ :)
میرے دورے کا جتنا بھی وقت ہوتا ہے اس کا 90 فیصد حصہ مذہب اور سیاست کے بھکیڑوں میں صرف ہوتا ہے ۔ اس لیئے عموماً میں اس طرف کم ہی آتا ہوں ۔ :)
 
ظفری

لائبریرین
Top