فلیش فلیش میں لہراتا ہوا جھنڈا بنانا

فلیش میں لہراتا ہوا جھنڈا بنانا

Waving Flag in Flash


اقتباس :How to Cheat in Flash CS3
ترجمہ و اضافہ: شعیب سعید شوبی

اُردو ویب کے عزیز ممبرز!....السلام علیکم!

تمہید: فلیش میں لہراتا ہوا جھنڈا بنانا فلیش یوزرز کی سب سے بڑی تمنا ہے۔ ہرچند کہ اس مقصد کے لئے فوٹوشاپ میں Wave Filter استعمال کر کے جھنڈے کی مختلف حالتوں میں چند ساکن تصاویر بنائی جا سکتی ہیں۔ جنھیں بعد ازاں فلیش میں درآمد کر کے Frame by Frame اینی میشن تیار کی جا سکتی ہے مگر اس میں مسئلہ یہ آڑے آتا ہے کہ اگر آپ بعد ازاں تبدیلیاں کرنا چاہیں تو آپ کو پورا عمل دوبارہ سے دہرنا پڑے گا اس کے علاوہ فلیش مووی کو میگنی فائی کر کے دیکھنے سے جھنڈے کی کوالٹی خراب نظر آئے گی۔ فائل سائز بھی ایک الگ مسئلہ ہوگا۔ تاہم فلیش میں ماسکنگ ایک ایسا طریقہ ہے جس کی مدد سے ہم لہراتے ہوئے جھنڈے کا فریب یا Illusion با آسانی بنا سکتے ہیں۔ اس ٹیوٹوریل میں ہم ایسا ہی کرنے جا رہے ہیں۔

نوٹ: یہ ٹیوٹوریل ان لوگوں کے لئے ہے، جو فلیش کے بنیادی استعمال سے اچھی طرح واقف ہوں۔ گویا یہ تھوڑا ایڈوانس ٹیوٹوریل ہے۔ اگر آپ فلیش کے مبتدی ہیں تو پہلے فلیش ٹیوٹوریل سیکشن میں موجود دوسرے بنیادی ٹیوٹوریلز کا مطالعہ کریں، اس کے بعد آپ اس ٹیوٹوریل کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے۔ شکریہ!

خبردار: اس ٹیوٹوریل کے لئے زیادہ بہتر یہی ہے کہ آپ فلیش CS3 یا CS4 استعمال کریں۔

1۔ اس مقصد کے لئے سب سے پہلے آپ کو ایک ایسا ربن تیار کرنا ہوگا جس کی لمبائی قدرے زیادہ ہو۔ چنانچہ ایک سادہ سا مستطیل یا Rectangle بنائیں جس میں حسب ِ ذوق رنگ بھرا ہو مگر کوئی آؤٹ لائن نہ ہو۔ اس کی لمبائی تھوڑی زیادہ رکھیں اور اونچائی تھوڑی کم۔

flag1.png


2۔ اب سلیکشن ٹول کی مدد سے بالا اور ذیل کے کناروں Edges کو خمدار کر لیں۔ آپ کو اس خمدار شکل کا ایک پیٹرن (اشکال کی نقول) بنانا ہے۔ اس واسطے اس شکل کو منتخب کر کے کلپ بورڈ میں کاپی کر لیں۔

flag2.png



3۔ اب اپنی شکل کو پیسٹ کریں اور اسے عموداَ اُلٹ دیں۔Flip Vertically۔ اس کے بعد اس شکل کو ڈریگ کر کے اصل شکل سے منسلک کر دیں۔ جب دونوں اشکال مناسب طور پر ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہو جائیں تو اس نئی شکل کو دوبارہ منتخب کر کے کاپی کر لیں۔

flag3.png


4۔ اب عمل نمبر 3 کو دوبارہ دہرائیں۔( پیسٹ اور عموداَ اُلٹنا اور دونوں اشکال کو منسلک کرنا) ۔ آپ نے ملاحظہ فرمایا کہ کس طرح ربن کا ایک خوبصورت خمدار پیڑن وجود میں آگیا ہے؟ ۔۔۔۔ لیکن یہ ربن چونکہ سالڈ کلر میں ہے اس لئے اس میں گہرائی یا Depth کی کمی ہے۔ چنانچہ آئیے اس میں کچھ شیڈنگ کرتے ہیں۔

flag4.png


5۔ کوئی سے بھی دو رنگوں کو مکس کریں اور Swatch Panel میں ایڈ کر لیں۔ اب ایک ایسا Linear Gradient تیار کریں جس میں دونوں رنگوں کو بالترتیب یکے بعد دیگرے استعمال کیا گیا ہو۔ اپنے ربن کی شکل میں یہ گریڈئنٹ بھر دیں اور بعد ازاں Gradient Transform Tool F کی مدد سے اس گریڈئنٹ کی اس طرح تدوین کریں کہ گہرے شیڈز مقعری اَنداز میں Concavely دکھائی دیں۔

flag5.png


6۔ جب آپ کا ربن آپ کی اُمنگوں کے مطابق دکھائی دینے لگے توCtrl+A کی مدد سے اسے کاپی کریں اور Ctrl+V کی مدد سے پیسٹ کریں۔ اب دونوں اشکال کے کناروں کو اس طرح ایک دوسرے کے ساتھ الائن کر دیں کہ ان کی لمبائی دُ گنی ہو جائے۔ اب اس شکل کو سمبل میں کنورٹ کردیں۔

7۔ ربن لیئر کے اوپر ایک ماسک لیئر بنائیں۔ Rectangle Tool کی مدد سے ایک ایسی شکل بنائیں جو ربن کا ایک حصہ تصویر کے مطابق ڈھانپ دے۔ اس شکل میں اگر ربن سے بالکل متضاد رنگ بھرا جائے گا تو آسانی رہے گی۔

flag7.png


8۔ اب ربن لیئر کے Timeline میں فریم 15 کے آس پاس ایک کی فریم F6 ایڈ کریں اور ربن کو ماسک لئیر والی شکل کے بالکل اخیر میں بائیں طرف لے جائیں۔ اب ربن کو Motion Tween دے لیں۔

flag8.png


9۔ ربن کا ہموار اور قطعی مناسب Loop تخلیق کرنے کے لئے اسے کاپی کریں اور بالا کی ماسک لیئر کے عین نیچے ایک اور ماسک لیئر میں ربن کے نمونے کو Paste in Place کر دیں۔ (یعنی ماسک کے اندر ماسک!) ۔ اب اسے بھی اس طرح Motion Tween دیں کہ یہ اصل ربن کی حرکت کا ہوبہو تعاقب کرے تاکہ کوئی گیپ دکھائی نہ دے سکے۔

ٹوٹکا:چونکہ یہ ایک Loop اینی میشن ہے، چنانچہ بہتر نتائج کے لئے اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ پہلے اور آخری فریمز ہوبہو ایک جیسے ہوں۔ اس مقصد کے لئے Copy Frames اور Paste Frames کی سہولت سے فائدہ اُٹھائیں۔ یا پھر پہلے کی فریم میں موجود چیز کو کاپی کریں اور آخری فریم میں جا کر Paste in Place کر دیں جس کا کی بورڈ شارٹ کٹ Ctrl+Shift+V ہے۔

10۔ اب اپنی مووی کو Ctrl+Enter دبا کر ٹیسٹ کریں اور اپنے جھنڈے کو لہراتے ہوئے دیکھیں۔ لیکن ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس اینی میشن کو مزید حقیقی بنانے کے لئے ماسک شیپ کے کناروں کو Shape Tween دے لیں۔ سلیکشن ٹول کی مدد سے ماسک شیپ کو دائیں اور بائیں کناروں کی طرف سے خمدار کر دیں۔ ماسک لیئر کے Timeline میں بھی چند فریم چھوڑ کر کی فریم ایڈ کر لیں۔

flag10.png


11۔ اس بار اس نئے کی فریم میں ماسک شیپ کو دائیں اور بائیں کناروں کی طرف سے عمل 10 کے قطعی دوسری طرف خمدار کر دیں۔ دونوں کی فریمز کے درمیان Shape Tween اپلائی کر دیں۔ اس عمل کو اپنی اینی میشن کے آخری کی فریم تک دہراتے رہیں۔ یہ متحرک ماسک ہمارے لہراتے ہوئے جھنڈے کی اینی میشن میں مزید چار چاند لگا دے گا!۔۔۔۔۔۔۔۔۔مبارک ہو! آپ کا کام مکمل ہوا۔

flag11.png


خصوصی ضمیمہ؛

٭۔ ۔ ۔ اگر آپ اس جھنڈے میں اضافی چیزیں ڈالنا چاہتے ہیں ( جیسے چاند تارا یا کوئی متن وغیرہ) تو اس کے لئے ماسک لیئر کے اندر ایک اور ماسک لیئر بنائیں اور اس میں مطلوبہ شکل یا متن کا اضافہ کر لیں۔ خیال رہے کہ اس اضافی شکل کو آپ کو از خود Frame by Frame اینی میشن دینی ہوگی۔ اس کا کوئی شارٹ کٹ یا Cheat موجود نہیں۔

٭۔ ۔ ۔ اپنی اینی میشن کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے جھنڈے کا کھمبا بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پس منظر میں آسمان بھی دکھایا جا سکتا ہے۔

٭۔ ۔ ۔ اس اینی میشن کو مووی کلپ سمبل میں کنورٹ کر کے اس کی چند نقول تیار کر کے اسٹیج میں ترتیب سے رکھ دیں۔ درمیان میں موجود جھنڈوں کا سائز تھوڑا کم کردیں اور دائیں بائیں جھنڈوں کا سائز بڑا رہنا دیں۔ اس سے لہراتے ہوئے جھنڈوں کا ایک خوبصورت منظر تیار ہو سکتا ہے۔

فائنل نمونہ:

output.png


چند GIF Animations کے نمونے:
چونکہ GIF فائل زیادہ سے زیادہ 256 رنگوں کو سپورٹ کر سکتی ہے، اس لئے گریڈئنٹ کو بہت بری طرح رینڈر کرتی ہے۔ اس لئے بہتر یہی ہے کہ آپ SWF ہی کو استعمال کریں۔ صرف نمونے کے لئے یہاں چند GIF Animations پیش کی جارہی ہیں۔

1

pak_flag2.gif


2

waving_flag.gif


فلیش میں لہراتا ہوا جھنڈا بنانا ٹیوٹوریل مکمل ہوا!

پروجیکٹ فائل ڈاؤن لوڈ: آپ کی سہولت کے لئے اس ٹیوٹوریل کی پروجیکٹ فائل (fla ) کو اس ٹیوٹوریل کے آخر میں منسلک کیا جا رہا ہے۔ اسے آپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی فائل سے اس کا موازنہ کر سکتے ہیں۔خیال رہے کہ یہ فائل صرف فلیش 8 اور CS3 میں ہی کھولی جا سکتی ہے۔ ان سے پرانے ورژنز میں یہ فائل نہیں کھل سکے گی!

حرفِ آخر:
اُمید ہے آپ کو یہ ٹیوٹوریل پسند آیا ہوگا۔ ۔ ۔ اگر اس ٹیوٹوریل میں کسی بات کی سمجھ نہ آئی ہو تو ضرور پوچھ لیجئے گا!۔ ۔ ۔ انشاء اللہ میں آپ کی ضرور مدد کرونگا!۔ ۔ ۔ اب اگلے ٹیوٹوریل تک کے لیے اجازت۔ ۔ ۔ فی امان اللہ!۔ ۔

اُردو ویب۔۔۔۔۔شعیب سعید شوبی

خبردار: یہ " فلیش ٹیوٹوریل " اردو محفل کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ اس کا مواد نقل کرنے سے قبل اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔
 

Attachments

  • waving_flag.rar
    155.9 KB · مناظر: 26

محمدصابر

محفلین
شکریہ شعیب سعید شوبی بھائی محفل کی سالگرہ کے موقع پر فلیش کے شائقین کے لئے آپ کی طرف سے تحفہ زبردست ہے۔
 
بہت خوب پلیز مجھے اس طرح کا ایک پرچم بنا دیں جس پر لکھا ہو

اردو محفل
مشاعرہ

پلیز
جناب اس ٹیوٹوریل کے آخر میں جو فائل منسلک ہے، اس میں "اردو محفل" لکھا ہوا ہے۔ آپ ایڈٹ کرکے "مشاعرہ" بھی ایڈ کر لیں۔ کون سا مشکل کام ہے؟:idontknow:
 

imsabir

محفلین
شوبی بھائی بہت خوب پورے ایک سال کے بعد آون لائن ہوا ہوں میں‌ سائٹ بھی بھول گیا تھا۔ آج اچانک فلیش کی سی ڈی میرے ہاتھ میں آگئی پھر آپ کا خیال آیا۔ پھر جلدی سے اپنی ڈئیری کھولی اور آپ کے اس زبردست سائٹ کو بے چینی سے ڈونڈنے لگا آخر کار آپ کے تمام سائٹس میرے ہاتھ لگ گئے دل بہت کر رہا تھا فلیش میں‌کچھ کرنا چائے پھر آپ کے تمام ٹیوٹوریل کا غور سے مطالعہ کرنے لگا بہت خوشی ہوئی یہ دیکھ کر کے میرے غیر موجودگی میں یہاں بہت کام ہو چکا ہے اور افسوس بھی بہت ہوا کہ میں‌ نے ان تمام چیزوں‌کو مس کیوں کیا ۔ لیکن اس بار میں عزم کرکے آیا ہوں کہ فلیش کو سیکھ کر دم لونگا مجھے معلوم ہے اس کے لئے مجھے بہت بھی کرنی پڑے گی ۔ جیسا کہ آپ کہتے ہیں‌ محنت شرط ہے شعیب بھائی آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔
 

ذیشان حیدر

محفلین
محترم شعیب سعید شوبی صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے کہ خیر و عافیت سے ہوں گے۔
میں لہراتے ہوئے جھنڈے کی فلیش فائل ڈائون لوڈ نہیں کر پا رہاہوں ۔ اس کا کیا طریقہ کارڈ ہے۔ ہوسکے تو میرے ای میل ایڈریس پر ارسال فرما دیجئے ۔ مہربانی خاص ہوگی۔ والسلام
 
محترم شعیب سعید شوبی صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید ہے کہ خیر و عافیت سے ہوں گے۔
میں لہراتے ہوئے جھنڈے کی فلیش فائل ڈائون لوڈ نہیں کر پا رہاہوں ۔ اس کا کیا طریقہ کارڈ ہے۔ ہوسکے تو میرے ای میل ایڈریس پر ارسال فرما دیجئے ۔ مہربانی خاص ہوگی۔ والسلام

وعلیکم السلام و رحمتہ اللہ و برکاتہ

جناب فائل تو ڈاؤن لوڈ ہو رہی ہے پھر بھی آپ کی سہولت کے لئے فور شیئرڈ پر فائل اپلوڈ کر دی ہے۔ ڈاؤن لوڈ کر لیجئے!

ڈاؤن لوڈ ربط
 
Top