فصیح اللہ نقیب : حواس و ہوش سنبھالوں تو نعت لکھوں نا

سید زبیر

محفلین
حواس و ہوش سنبھالوں تو نعت لکھوں نا
میں اپنے آپ میں آلوں تو نعت لکھوں نا
نبی کے ساتھ ، صحابہؓ کو جو رہی نسبت
میں اس کے رمز کو پالوں تو نعت لکھوں نا
نبی کے عشق میں ڈوبا ہوا ہو جس کا دل
اس اہلِ دل کی دعا لوں تو نعت لکھوں نا
نبی کا لمسِ قدم پانے والے ذرّوں کو
پلک پلک میں اٹھالوں تو نعت لکھوں نا
نبی کی شان میں جن شاعروں کی نعتیں ہیں
میں اُن کے پاں دبا لوں تو نعت لکھوں نا
نبی کے طور ، نبی کے طریقِ احسن پر
قدم ذرا سے جمالوں تو نعت لکھوں نا
نبی کا چاہ میں مثلِ اویس قرنی میں
گر اپنے دانت گرالوں تو نعت لکھوں نا
نبی کی سنت امرو نہی کے سانچے میں
جو قول و فعل کو ڈھالوں تو نعت لکھوں نا
نبی کی نعت کی توفیق بھی سعادت بھی
خدائے پاک سے پالوں تو نعت لکھوں نا
نقیب! روضہ اطہر کی خاک کے صدقے
دل و نظر کو اُجالوں تو نعت لکھوں نا
فصیح اللہ نقیب
 
Top