غزل: ہم شکوہءدامان وگریباں نہ کریں گے : از: محمد حفیظ الرحمٰن

غزل
از : محمد حفیظ الرحمٰن
ہم شکوہء دامان و گریباں نہ کریں گے
دعواےء محبت بھی مری جاں نہ کریں گے
ویرانیء دل راس نہ آئے تو ہمیں کیا
اس دل کو مگر سروِ چراغاں نہ کریں گے
خم خانہء محبوب سے پیتے ہی رہیں گے
یوں میکدہء دل کبھی ویراں نہ کریں گے
رکھیں گے بھرم اپنی محبت کا کچھ ایسے
جذبات کو خلوت میں بھی عریاں نہ کریں گے
آجائے ترے بن ہمیں جینے کا قرینہ
اس بات کا ہرگز کوئی ساماں نہ کریں گے
بخشی ہے محبت نے جو یہ درد کی دولت
اس درد کا ہرگز کوئی درماں نہ کریں گے
بے مہرئی حالات رہے اپنی جگہ پر
ہم ترک کبھی چوکھٹِ جاناں نہ کریں گے
 

الف عین

لائبریرین
بہت خوب حفیظ۔
بس ایک خامی کی طرف اشارہ کر دوں۔
چوکھٹِ جاناں کی ترکیب غلط ہے۔ یہاں اضافت نہیں لگ سکتی، چوکھٹ ہندی النسل لفظ ہے۔
 
محترم جناب اعجاز عبید صاحب۔ سر میں نے کچھ سوچ بچار کے بعد شعر میں کافی ردوبدل کر دیا ہے۔ ترمیم و اضافہ کے بعد شعر کی شکل کچھ یوں نکلی ہے۔
ہر چند گوارہ نہیں بے مہرئی حالات
شکوہ کبھی اے گردشِ دوراں نہ کریں گے
براےٰ مہربانی اس شعر کے بارے میں مشورہ دیجیے کہ کیا سابقہ شعر کو اس شعر سے تبدیل کیا جاسکتا ہے؟
 

الف عین

لائبریرین
محترم جناب اعجاز عبید صاحب۔ سر میں نے کچھ سوچ بچار کے بعد شعر میں کافی ردوبدل کر دیا ہے۔ ترمیم و اضافہ کے بعد شعر کی شکل کچھ یوں نکلی ہے۔
ہر چند گوارہ نہیں بے مہرئی حالات
شکوہ کبھی اے گردشِ دوراں نہ کریں گے
براےٰ مہربانی اس شعر کے بارے میں مشورہ دیجیے کہ کیا سابقہ شعر کو اس شعر سے تبدیل کیا جاسکتا ہے؟
شعر تو درست ہے، کوئی سقم نہیں، خیال بھی اچھا ہے، البتہ درِ جاناں یا دہلیزِ جاناں والی بات نہیں ہے۔ وہ خیال کچھ اس سے بہتر تھا، لیکن اگر الفاظ نہ ملیں تو یہ بھی درست تو ہے ہی۔
 
ہم شکوہء دامان و گریباں نہ کریں گے
دعواےء محبت بھی مری جاں نہ کریں گے
ویرانیء دل راس نہ آئے تو ہمیں کیا
اس دل کو مگر سروِ چراغاں نہ کریں گے
خم خانہء محبوب سے پیتے ہی رہیں گے
یوں میکدہء دل کبھی ویراں نہ کریں گے
بہت خوب۔ محمد حفیظ الرحمٰن بہت ساری داد قبول کیجیے۔ بہت عمدہ غزل ہے
 

متلاشی

محفلین
رکھیں گے بھرم اپنی محبت کا کچھ ایسے
جذبات کو خلوت میں بھی عریاں نہ کریں گے
بہت خوب ۔۔۔۔!
 
استادِ محترم جناب اعجاز عبید صاحب۔ سر بہت بہت شکریہ۔ میں اور کوشش کروں گا۔ اگر کچھ اور اس سے بہتر نہ بن سکا تو اسی کو استعمال کر لوں گا۔ بہت شکریہ۔
 
Top