غزل: محبت کے دریا بہا دینے والے ٭ نصر اللہ خان عزیزؔ

محبت کے دریا بہا دینے والے
جفاؤں کے طوفاں اٹھا دینے والے

محبت کی پینگیں بڑھا دینے والے
عنایت کی رسمیں گھٹا دینے والے

محبت کے بدلے سزا دینے والے
وفاؤں کے بدلے دغا دینے والے

یہ نازک دماغی، یہ ناز آفرینی
بگڑ جانے والے، بنا دینے والے

جگہ دینے والے مجھے اپنے دل میں
نگاہوں سے اپنی گرا دینے والے

مرے دل سے تو بھول جائے تو جانوں
مجھے اپنے دل سے بھلا دینے والے

٭٭٭
ملک نصر اللہ خان عزیزؔ
 
Top