علامہ طاہرالقادری نے لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان مسترد کر دیا

الف نظامی

لائبریرین
علامہ طاہرالقادری نے چودہ جنوری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا امکان مسترد کر دیا ہے ۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ رحمان ملک نے خطرات سے آگاہ کرکے اپنا فرض نبھا دیا ۔ مگر اس کے باوجود وہ پروگرام کے مطابق اسلام آباد تک مارچ ضرور کریں گے۔
وزیرادخلہ رحمان ملک تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کو 14 جنوری کے لانگ مارچ کو درپیش ان خطرات سے آگاہ کرنے کے لیئے لاہور پہنچے جن کا ذکر وہ کئی دن سے کر رہے ہیں ۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کیا ۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ رحمان ملک نے خطرات سے آگاہ کر کے اپنا فرض ادا کردیا ہے ۔ ان کی بات سننے کے بعد انہوں نے اپنے انقلابی ایجنڈے میں شہادت کی نیت بھی شامل کرلی ہے۔
طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اس ملاقات سے قطعا یہ نہ سمجھا جائے کہ رحمان ملک لانگ مارچ ملتوی کرنے پر مذاکرات کرنے آئے تھے۔
اس موقع پر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کے ایجنڈے سے اختلاف کرنے کی سرے سے کوئی گنجائش نہیں ہے اور انہوں نے طالب علم کی حیثیت سے طاہرالقادری کے تمام مطالبات نوٹ کر لیے ہیں۔
رحمان ملک نے جب یہ کہنے کی کوشش کی وہ سیکیورٹی کے ساتھ لانگ مارچ کے شرکاء کے رہنے کے انتظام کی بھی بات کرنے آئے ہیں تو طاہر القادری نے ان کی یہ بات یہ کہہ کر کاٹ دی کہ ۔۔ رہنے کا انتظام وہ خود کر لیں گے۔
 

الف نظامی

لائبریرین
لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اگر لانگ مارچ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹ کھڑی کی گئی تو پھر اس کے پرامن ہونے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔
وزیر داخلہ رحمان ملک نے ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ رحمان ملک سے لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اگر حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو وزیر اعظم دیگر سینئر حکام کے ساتھ آکر کرسکتے ہیں۔
طاہرالقادری نے کہا کہ میرے لانگ مارچ کا مقصد نہ تو انتخابات ملتوی کرانا ہے اور نہ ہی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ جمہوریت کو آئین کے تابع کرنے، انتخابی اصلاحات اور غیر جانبدار نگراں حکومت کے لئے کیا جارہا ہے۔
طاہرالقادری نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ 14جنوری کو لانگ مارچ ہر صورت میں کیا جائے گا اور جو بھی اس لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرے گا تو پھر لوگوں کے پرامن رہنے کی ضمانت نہیں دے سکتا۔
اس موقع پر رحمان ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام آباد میں جس جگہ لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں انہیں اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لانگ مارچ کی راہ میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، کرپشن اور لاقانونیت سے پاک ملک بنائے اور اسمبلیوں میں امین اور دیانتدار لوگ آئیں، ڈاکٹر طاہرالقادری جو بات کررہے ہیں اس کو پاکستان کا قومی ایجنڈا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے بھی کہا کہ لانگ مارچ کی حمایت کا مقصد نہ تو جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنا ہے اور نہ ہی کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت کرنا ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ طاہرالقادری سے ملاقات کا مقصد تحریک منہاج القرآن کا لانگ مارچ ختم کرانا نہیں بلکہ ان کو یہ باور کرانا ہے کہ حکومت لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں سہولت فراہم کرے گی۔
 

نایاب

لائبریرین
اک اچھی خبر
یہ حقیقت ہے کہ لانگ مارچ کو فلاپ کرنے کے خواہشمند کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں ۔
ڈاکٹر صاحب کے جواب نے جیسے روح تک کو سرشار کر دیا ۔
"
اپنے انقلابی ایجنڈے میں شہادت کی نیت بھی شامل کرلی ہے۔"​
 
Top