عشق تجھ سے جو ہم نے یار کیا --- سید غلام معین الدین مشتاق

الف نظامی

لائبریرین
عشق تجھ سے جو ہم نے یار کیا
دل کی حسرت کو آشکار کیا

کیا کیا آپ نے یہ حضرتِ دل
سب سکوں نذرِ اعتبار کیا

تیری صورت کو دیکھ کر ہم نے
تجھ پہ کونین کو نثار کیا

ان کو چوکھٹ کو چوم کر ہم نے
سجدہ شکر بار بار کیا

تم نہ اٹھو ابھی کہ جی بھر کر
ہم نے دیکھا تمہیں نہ پیار کیا

شوق سے پائمالِ ناز کرو
نظر انداز کیوں مزار کیا

واعظ اور مئے پہ تبصرہ رندو
تم نے بھی کس کا اعتبار کیا

دلِ خانہ خراب نے مشتاق
دیکھ آخر ذلیل و خوار کیا



از سید غلام معین الدین مشتاق رحمۃ اللہ علیہ
 
Top