طالبان کو جنگ بندی کیلئے قائل کرلیں گے،حکومت ان کے تحفظات دور کرے، طالبان کمیٹی، طالبان کو اعتراضات

طالبان کو جنگ بندی کیلئے قائل کرلیں گے،حکومت ان کے تحفظات دور کرے، طالبان کمیٹی، طالبان کو اعتراضات ہیں تو ہمیں بھی تحفظات ہیں، وزیرداخلہ

اسلام آباد / پشاور (نمائندہ جنگ / ایجنسیاں) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کےلیے جنگ بندی ضروری ہے جس پر طالبان کو قائل کرلیں گے، حکومت کو چاہیے کہ وہ طالبان کے تحفظات دور کرے ، طالبان اور حکومت میں امن بات چیت جاری رہے گی ، حکومت اور طالبان تحمل سے کام لیں، مذاکرات میں اُتار چڑھاؤ ، تعطل ، گلے شکوے معمول کی بات ہے ، جلد بازی میں امن کوششوں کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے جبکہ طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طالبان شوریٰ کو منانے خود وزیرستان جائیں گے ، حکومت نے انتہائی سست روی کا مظاہرہ کیا، بلاول بھٹو کے سخت بیانات تاثیر اور گیلانی کے بیٹوں کی رہائی میں رکاوٹ ہیں ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے درمیان ملاقات ہوئی جبکہ چوہدری نثار نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کےلیے طالبان کمیٹی کے ساتھ ہفتہ کو اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کو اعتراضات ہیں تو ہمیں بھی تحفظات ہیں ، حکومت کے غیر سنجیدہ ہونے کا تاثر درست نہیں ، چند ماہ میں حکومت نے انتہائی سنجیدگی ٗ خلوص اور بردباری سے مذاکرات کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایک بیان کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اور سمیع الحق میں ملاقات ہوئی ، اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مذاکرات کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کےلیے تمام کوششیں نیک نیتی سے کی گئیں اگر سنجیدگی نہ ہوتی تو حکومتی ٹیم خود جنوبی وزیرستان کیوں جاتی ؟اگر طالبان کو بعض معاملات میں اعتراضات ہیں تو بہت سے تحفظات ہمیں بھی ہیں مگر اس کے باوجود مذاکرات کے عمل کو خلوص نیت سے آگے بڑھایا ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ میں نہیں سمجھتا کہ اگر جنگ بندی ختم کر دی گئی ہے تو بامقصد مذاکرات آگے بڑھ سکیں گے طالبان کمیٹی کے ساتھ ہفتہ کو میٹنگ بلالی گئی ہے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جاسکے۔ ملاقات میں سمیع الحق نے چوہدری نثار سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماں نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مذاکراتی عمل پر گفتگو کی اور اسے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=191218
 
Top