طالبان کا جنگ بندی میں 10 روز کی توسیع کا اعلان، مذاکرات میں پیش رفت کیلئے حکومتی اور طالبان کمیٹیوں

طالبان کا جنگ بندی میں 10 روز کی توسیع کا اعلان، مذاکرات میں پیش رفت کیلئے حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا

03 اپریل 2014 (19:06)

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی میں 10 روز کی توسیع کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ طالبان مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کا کہنا ہے کہ ہماری جن شرائط کو حکومت کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے ان پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے جبکہ طالبان بھی حکومت پاکستان کے ساتھ عہد کے پابند ہیں۔ طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کے بعد مذاکرات میں پیش رفت کیلئے طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان رہنماءعمر خالد خراسانی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کافیصلہ نہیں ہوا اور اس کا مطلب ہے کہ جنگ دوبارہ شروع ہو گئی ہے جس کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اس بات کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی مشاورت جاری ہے اور کوئی بھی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا، مذاکرات جنگ بندی کے بغیر بھی ہو سکتے ہیں۔ طالبان رہنماﺅں کی جانب سے اس بیان کے بعد فاٹا کی پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے 16 طالبان قیدیوں کی رہائی کی خبریں بھی سامنے آئیں جس پر ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے یہ دعویٰ کیا کہ ان قیدیوں کی رہائی وزیراعظم نواز شریف کے حکم پر عمل میں لائی گئی ہے تاہم وزیراعظم ہاﺅس سے جاری ایک بیان میں اس بات کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کسی طالبان قیدی کی رہائی کی منظوری دی اور نہ ہی کسی طالبان قیدی کو رہا کیا گیا ہے۔ اس تردید کے کچھ ہی دیر بعد وزا رت داخلہ کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں طالبان قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ رہا ہونے والے طالبان غیر عسکری ہیں جنہیں شمالی وزیرستان کے علاقے محسود سے سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

http://www.dailypakistan.com.pk/lahore/03-Apr-2014/89086
 
Top