طالبان سے مذاکرات میں کوئی بلاجواز مطالبہ قبول نہ کرنے کا فیصلہ،اجلاس کی اندرونی کہانی

طالبان سے مذاکرات میں کوئی بلاجواز مطالبہ قبول نہ کرنے کا فیصلہ،اجلاس کی اندرونی کہانی

اسلام آباد (صالح ظافر) ملک کے سیکورٹی امور بالخصوص دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقہ کار کے حوالے سے سویلین اور ملٹری قیادت متحد ہے۔ سویلین حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو مسلح افواج کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے۔ اس عزم کا اظہار وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف کر رہے تھے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا۔ وزیراعظم ہائوس کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کیے جانے والے 60؍ الفاظ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ حکومت مذاکراتی عمل کے دوران کسی بھی بلاجواز مطالبے کو قبول نہیں کرے گی اور جو دہشت گرد گروپ مذاکراتی عمل سے دور ہو کر لڑائی میں ملوث ہوں گے انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔ امن مخالف عناصر سے نمٹنے کیلئے تمام آپریشنل تیاریاں مکمل ہیں۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام، چیف آف جنرل اسٹاف برائے جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے آرمی چیف نے مختصر لیکن بالمشافہ ملاقات کی۔

http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=180024
 
Top