صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ میں اس کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد روکنے کی دھمکی

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ میں اس کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد روکنے کی دھمکی
_99305663_mediaitem99305662.jpg

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کی مالی امداد روک لی جائے گی

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ’وہ ہم سے ہزاروں لاکھوں ڈالر اور یہاں تک کہ اربوں ڈالر لیتے ہیں اور اس کے بعد بھی ہمارے خلاف ووٹ دیتے ہیں۔ اچھا تو ہم دیکھ رہے ہیں اس ووٹنگ کو، انھیں ہمارے خلاف ووٹ دینے دیں، ہم بہت سے پیسے بچا لیں گے، ہمیں پروا نہیں۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب یروشلم کے بارے میں امریکی اعلان کے بعد جمعرات کو عرب اور مسلمان ممالک کی درخواست پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 193 رکن ممالک خصوصی ہنگامی اجلاس کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یروشلم کے حوالے سے امریکی فیصلے کے خلاف قرارداد پیش کی جانے والی ہے۔ قرارداد کے مسودے میں امریکہ کا نام تو نہیں لیا گیا تاہم یہ کہا گیا ہے کہ یروشلم کے بارے میں ہر فیصلے کو ختم کیا جائے۔

_99298063_mediaitem99295518.jpg

اس سے قبل امریکہ کا کہنا تھا کہ اس کے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران وہ ’ان ممالک کے نام لیں گے‘ جو ان کے خلاف گئے۔

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر نکی ہیلی نے رکن ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہا ہے کہ وہ انھیں ہمارے خلاف ووٹ دینے والوں کے بارے میں رپورٹ کریں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکہ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے اس فیصلے کی وجہ سے اسے دنیا بھر سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شہر کا مشرقی حصہ اسرائیل کے قبضے میں ہے جبکہ اس سے قبل یہ علاقہ اردن کے قبضے میں تھا۔

فلسطینی مشرقی یروشلم پر اس کی مستقبل کی ریاست ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس کی حتمی حیثیت کے بارے میں امن مذاکرات کے آئندہ مراحل میں بات چیت ہوگی۔
’ہم سے اربوں ڈالر لیتے ہیں اور پھر بھی ہمارے خلاف ووٹ‘
 
Top