شمالی وزیرستان سے نقل مکانی تک آپریشن روکا جائے، عمران خان

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی تک آپریشن روکا جائے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں لوگ ابھی پھنسے ہوئے ہیں اس لئے وہاں آپریشن کو کچھ وقت کے لیے روکا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آئی ڈی پیز کو سات ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے دینے کا کہا گیاہے لیکن یہ رقم انتہائی کم ہے کیونکہ ایک خاندان 13 سے 14 افراد پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کرنے والے زیادہ ترافراد بنوں کی جانب آ رہے ہیں۔ " بنوں کی آبادی دس لاکھ سے زائد ہے اور پانچ سے چھ لاکھ آئی ڈی پیز کی وجہ سے شہر پر بوجھ بڑھے گا۔

' وہاں کے اسپتال اتنے زیادہ افراد کو بوجھ نہیں اٹھا سکتے جب کہ رمضان کی وجہ سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔'

چھ ارب روپے جاری کیے جائیں، عمران خان
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوالیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں 175 ارب روپے ملے ہیں، بڑے سانحے سے بچنے کے لیے ان میں سے 6 ارب روپے فوری طور پر خیبرپختون خواہ حکومت کو جاری کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے 6 لاکھ لوگ نکل مکانی کر رہے ہیں اور اب بھی وہاں سے لوگ پیدل آ رہے ہیں۔

انہوں نے سندھ اور پنجاب حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شمالی وزیرستان سے آنے والے افراد کے لیے راستے بند نہ کریں کیونکہ یہ لوگ بھی پاکستانی ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن
عمران خان نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ کافی نہیں ہے، انہیں جیل بھیجا جائے۔

http://urdu.dawn.com/news/1006166
 
Top