16-17
تڑپ کر پیٹ پیٹتے ہوئے اُٹھے کہ ہم کو لطف ہی آگیا اور ہم بھاگ کر دوسری جگہ پہنچے۔ کچھ آگے پہنچ کر ہم نے ایک چارپائی مع سونے والی کے الٹی اور گھر واپس ہونے سے پہلے پہلے ہم ایک اور برہنہ بدن سونے والے کے پیٹ پر سگریٹ جلتا ہوا رکھ کر بہترین تماشہ دیکھا۔ رات گئے گھر واپس آئے۔ مگر چونکہ صبح ہم گھر سے اجازت لے کر نہیں گئے تھے اس لیے دوسرے روز محض یہی جرم ہمارے سر رہا کہ دن بھر کیوں غائب رہے اس کی پاداش میں دن کا کھانا ہمارا بند کیا گیا اور ہمیں مجبوراََ اپنے پنڈت دوست کے یہاں کھانا کھانا پڑا۔
دوسرا باب
شریر لڑکی
ہم انٹرنس میں پڑھتے تھے اور ایک قومی اسکول کے بورڈنگ میں رہتے تھے۔ بورڈنگ دے کچھ فاصلہ پر ایک مکان تھا جو بورڈنگ سے اسکول اور ہاکی کھیلنے کے فیلڈ جانے میں پڑتا تھا اس مکان میں ایک سید صاحب رہتے تھے جو کچہری میں ملازم تھے۔ سڑک سے ذرا ہٹ کر مکان کی ایک کھڑکی تھی جس میں لوہے کی سلاخیں لگی تھیں اور کواڑ بھی لگے تھے۔ یہ کواڑ ہمیشہ بند رہتے تھے ایک روز کا ذکر ہے کہ ہم اپنے ایک دوست سے اس کھڑکی کے نیچے کھڑئے ہوئے باتیں کر رہے تھے کہ ہم کو کھڑکی کے اس طرف کچھ آہٹ معلوم ہوئی ہم نے غور سے جو دیکھا تو ایک سوراخ سے ایک آنکھ کا ایک حصہ نظر آیا۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ کوئی جھانک رہا ہے ہم بھی اس طرف دیکھنے لگے کہ آنکھ اس سوراخ کے سامنے سے غائب ہوگئی۔ ہم کو جو شرارت سوجھی تو ہم نے گلی کو سُونا پاکر اپنے دوست کا سہارا لے کر اسی سوراخ سے اپنی بھی آنکھ لگا دی۔ سوراخ میں سے مکان کا اندر کا حصہ صاف نظر آیا۔ یہ کھڑکی دالان میں تھی۔ بیچ دالان میں ایک نوجوان لڑکی کھڑی اس