سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں, جیکب آباد میں پارہ46 ڈگری پر جاپہنچا : کراچی میں ایک شخص ہلاک

جاسم محمد

محفلین
سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں, جیکب آباد میں پارہ46 ڈگری پر جاپہنچا : کراچی میں ایک شخص ہلاک
شہرقائدمیں گرمی سے بچاؤ کے 115سینٹر، 112اسپتال کیمپ قائم،محکمہ صحت کی ٹیمیں تشکیل، بلدیہ عظمیٰ نے بھی الرٹ جاری کر دیا
کراچی، اندرون سندھ (اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں) اندرون سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں ،جیکب آباد میں پارہ46 ڈگری پر جاپہنچا۔کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں سکھر، بدین، حیدر آباد، نواب شاہ، جیکب آباد، روہڑی سمیت دیگر شہروں میں حبس اور لو کے تھپیڑوں سے لوگوں کا برا حال ہو گیا۔ نواب شاہ میں درجۂ حرارت 44، جیکب آباد میں46، سکرنڈ، پڈعیدن، چھور، سکھر میں 45، موئن جودڑو، مٹھی ، لاڑکانہ میں44 اور کراچی میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لوگوں نے گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے تربوز ،خربوزے جیسے رسیلے پھلوں اور مشروبات کا استعمال بڑھا دیا ہے ۔ ادھرکراچی میں ہیٹ ویو الرٹ کے بعد سندھ حکومت نے بھی پلان مرتب کر لیا۔ کراچی میں 115 ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کر دیئے گئے ۔ سندھ حکومت کے اعلامیہ کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ کے بعد9 اپریل سے 3 مئی تک شہر میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ کورنگی کراسنگ، قیوم آباد، لیاقت مارکیٹ، داؤد چورنگی، اسٹار گیٹ، نمائش، سچل گوٹھ، عباس ٹاؤن، ریگل چوک، اُردو بازار، ٹاور اور بولٹن مارکیٹ سمیت دیگر مقامات پر کیمپ لگائے گئے ہیں۔ 112 مقامات پر کیمپ اسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ تمام سب ڈویژن میں اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ صحت کے نمائندوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ 185 مقامات پر پانی کی سبیل کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ شہر میں 24 مقامات پر موبائل ٹیمیں موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، کراچی واٹر بورڈ، ٹریفک پولیس، کے الیکٹرک اور تمام نجی اسپتالوں کے درمیاں تعاون کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھی تمام اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، تما م اسپتالوں کو دواؤں اور ایمبولینس کی دستیابی یقینی بنانے ، ایمرجنسی وارڈ قائم کرنے ،روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کرنے اورفوکل پرسن تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس حوالے سے کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی نے بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام 13اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، کراچی ادارہ برائے امراض قلب، 1122 ایمبو لینس سروس کے سربراہ کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب ناظم آباد میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے ۔ عباسی اسپتال کے ڈاکٹروں نے ہلاکت کی وجہ ہیٹ اسٹروک کو قرار دیا ہے ۔ متوفی کی عمر 45 سے 50 سال ہے ۔ ادھر پنجاب میں ملتان، بہاولپور، سرگودھا،رحیم یار خان، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہربھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔بلوچستان میں نصیر آباد، جعفر آباد، سبی، حب میں بھی گرم ہواؤں کا راج ہے ۔
 

جاسم محمد

محفلین
D5Y1OPaXsAAPzwx.jpg
 
Top