سردیوں کی سوغات، گاجر کا حلوہ بنانے کا آسان طریقہ

سیما علی

لائبریرین
سردیوں کے آتے ہی گرم تاثیر رکھنے والی غذاؤں اور حلووں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جن سے غذائیت اور ذائقے سمیت جسم میں حرارت بھی پیدا ہوتی ہے اور سردی کم لگتی ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق موسم سرما کے آتے ہی ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے جن کی تاثیر گرم ہو اور غذا کے استعمال سے قوت مدافعت مضبوط ہو، ایسی غذاؤں کے استعمال سے ٹھنڈے اور خُشک موسم کے سبب پھوٹنے والی بیماریوں سے کئی حد تک نجات بھی ملتی ہے اور جسم میں حرارت بھی موجود رہتی ہے۔
اکثر اوقات موسم سرما کے آغاز ہی میں گھروں میں مختلف قسم کے روایتی حلوے بننا شروع ہو جاتے ہیں، یہ روایت صدیوں سے چلتی آ رہی ہے، ان حلووں کا انسانی صحت پر براہ راست مثبت اثر پڑتا ہے جس کے سبب سردیوں کا دورانیہ آسانی سے گزر جاتا ہے۔
گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، مندرجہ ذیل گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب سے اس موسم سرما میں آپ بھی فائدہ اٹھائیں اور ٹھنڈا موسم انجوائے کریں۔
گاجر - سوا دو کلو
دودھ - ڈیڑھ سے پونے دو لیٹر کے درمیان
ہاف اینڈ ہاف دودھ - سات سو پچاس گرام
پھینٹی ہوئی ہیوی کریم - تین سو تیس گرام
شکر - ¾ 1 کپ
پھیکا مکھن - دو سے تین کھانے کے چمچ
تیل - ایک چوتھائی کپ
الائچی - آٹھ تا دس
کشمش - ایک کھانے کا چمچ
چھلے ہوئے بادام - دو کھانے کے چمچ

ترکیب​


گاجروں کو چھیل کر کدوکش کرلیں، دودھ ابال کر اس میں گاجریں شامل کردیں- گاجر اور دودھ کا مرکب ابل جانے کے بعد اس میں شکر اور ہاف اینڈ ہاف دودھ بھی شامل کردیں، ساتھ ہی مسلسل چمچ چلاتی رہیں-

چمچ چلاتے رہیں اور جب مرکب میں ابال آجائے تو آنچ درمیانی کردیں- دودھ خشک ہوجانے پر ہیوی کریم ڈال دیں اور برابر چمچ چلائیں- کریم خشک ہوجانے پر مکھن، تیل اور الائچی شامل کردیں اور آنچ تیز کرلیں- اس وقت تک چمچ چلاتے رہیں جب تک تیل الگ نہ ہوجائے-
اب اس پر کشمش اور بادام سے گارنش کر کے پیش کریں-
اس کے فوائد :

وٹامن اے کا حصول​

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ اس حلوے کا سب سے اہم جز گاجر ہے، گاجریں وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے اور فائبر سے بھرپور سبزی ہے، گاجروں میں موجود وٹامن اے بینائی کو بہتر کرتا ہے اور حلوے کی شکل میں اسے کھانا بھی یہ فائدہ پہنچاسکتا ہے۔

کیلشیئم کا حصول​

گاجر کے حلوے میں اکثر افراد دودھ کو بھی شامل کرتے ہیں اور اس وجہ سے یہ سوغات کیلشیئم سے بھرپور ہوجاتی ہے جبکہ اس میں شامل کیے جانے والے خشک میوہ جات کی بدولت پروٹین اور اینٹی آکسائیڈنٹس بھی جسم کو حاصل ہوتے ہیں۔ اس حلوے میں شامل دودھ انسولین کے صحت مند سطح کو سپورٹ کرتا ہے جس سے خلیات کے لیے بلڈگلوکوز کو جذب کرنا آسان ہوتا ہے جبکہ میٹھے کی خواہش کم ہوتی ہے۔

انفیکشن سے تحفظ​

گاجر کے حلوے میں صحت کے لیے فائدہ مند فیٹ بھی جسم کو ملتا ہے جو کہ سردیوں میں ہونے والے جسمانی درد کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے، تاہم بہت زیادہ گھی شامل کرنے سے گریز کرنا چاہئے بلکہ دیسی گھی کا استعمال زیادہ بہتر ہے۔ اسی طرح گاجر میں موجود وٹامن اے جسمانی مدافعتی نظام کو بھی بہتر کرکے مختلف انفیکشنز سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

جلد کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند​

گاجر بیٹا کیروٹین سے بھرپور سبزی ہے جو کہ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے اور یو وی ریز سردیوں میں زیادہ متحرک ہوتی ہیں، تو گاجر کا حلوہ اس مسئلے سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
بس یہ ذہن میں رکھیں کوئی بھی غذا اسی وقت صحت بخش ثابت ہوتی ہے جب اسے اعتدال میں رہ کر کھایا جائے تو گاجر کا حلوہ بہت زیادہ کھانا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
 
Top