سام سنگ ٹیبلٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی

سام سنگ کے ٹیبلٹ کمپیوٹر کی جرمنی میں فروخت پر پابندی کے بعد کمپنی نے اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹر کے ڈیزائن میں تبدیلی کر دی ہے۔
یہ پابندی رواں برس ستمبر میں ایک جرمن عدالت کی جانب سے سام سنگ کی کاروباری حریف کمپنی ایپل کی اس درخواست پر عائد کی گئی تھی کہ سام سنگ کا دس اعشاریہ ایک انچ کا گلیکسی ٹیب اس کے آئی پیڈ ٹیبلٹ سے بےحد مشابہت رکھتا ہے۔
تاہم اب جنوبی کوریائی کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈیزائن کی تبدیلی کے بعداس کا گلیکسی ٹیب 10.1 این ماڈل نومبر کے آخر میں جرمنی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس نئے ڈیزائن کے تحت ٹیبلٹ کمپیوٹر کے دھاتی ڈھانچے کے نمونے میں تبدیلی کے علاوہ سپیکرز کی جگہ بھی بدل دی گئی ہے۔
سام سنگ کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ کمپنی نے یہ نیا ورژن صارفین کی خواہشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا ہے۔
سام سنگ کے اس اعلان پر ایپل کا ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی تاہم اس میں کامیابی نہیں ہو سکی۔
ایپل اور سام سنگ کے مابین پیٹنٹ حقوق پر امریکہ، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا میں بھی تنازعات چل رہے ہیں۔
ایپل نے سام سنگ پر اپنی ٹچ سکرین ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ سام سنگ کا کہنا ہے کہ ایپل اپنی تھری جی ٹیکنالوجیز کے لائسنس لینے میں ناکام رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایپل کا اپنے دیگر حریفوں کے ساتھ بھی ویب پیٹنٹ پر تنازعہ چل رہا ہے۔
ایپل کا دعوٰی ہے کہ تائیوان کی کمپنی ایچ ٹی سی نے اس کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ ٹیکنالوجی کے حقوق کے سلسلے میں ایپل کے اپنے امریکی حریف موٹرولا کے ساتھ بھی تنازعہ چل رہا ہے۔

ماخذ
 
Top