سائیکل ریڑھی پر نصب بم پھٹنے سے 9افراد جاں بحق‘ 6دکانیں تباہ‘ مشتبہ شخص گرفتار

فخرنوید

محفلین
ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ کے معروف تجارتی مرکز منڈی تجارت گنج میں ایک دکان کے باہر بم ایک سائیکل ریڑھی کے قریب زمین پر ایک تھیلے میں رکھا گیا جو ایک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ دھماکہ کے نتیجے میں آٹھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔ ڈی سی او ڈیرہ اسماعیل خان محسن شاہ نے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں تقریباً آٹھ کلو گرام وزن کا دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ دھماکہ کی جگہ کے قریب مرکزی انجمن تاجران کا دفتر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما راجہ اختر علی کی دکان بھی واقع تھی ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ چھ دکانیں مکمل طور پر تبا ہ ہو گئیں جبکہ متعدد دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ۔ دھماکے کی جگہ کے قریب کھڑی ایک گاڑی بھی تباہ ہو گئی ۔ ڈی آئی جی ڈیرہ کے مطابق دھماکے کی جگہ کے قریب سے پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیاہے جبکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نیبم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملوں سے عسکریت پسندوں کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا عوام اور حکومت کا عزم مزید پختہ ہوتا ہے۔ صدر اور وزیراعظم نے اپنے مذمتی بیانات میں کہا کہ عسکریت پسندوں سے بیگناہ لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ صدر نے ہدایت کی کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکام کو اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

بشکریہ: وائس آف پاکستان
 
Top