زعفران کے طبی فوائد

576168_8780348_zafran_magazine.jpg

زعفران نہ صرف غذاؤں کو خوشبودار اور رنگین بنانے میں دنیا کے ہرگوشے میں استعمال ہوتا ہے بلکہ اس کے طبی فوائد بھی ہیں۔ زعفران جامنی رنگ کے پھولوں کے بیچ میں سنہرے گل (stigmas)کی صورت میں موجود ہوتا ہے۔ زعفران کا پودامخصوص علاقوں میں مخصوص وقت میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اس کی کاشت اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس کی آمد سے متعلق دلچسپ کہانیاں موجود ہیں۔ ہمارے یہاں زعفران کھانوں کی شان بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ قیمتی جڑی بوٹی نہ صرف کھانوں کی شان بلکہ بہت سی بیماریوں کا حل بھی ہے؟ اس کی معمولی سی مقدار بھی مرض کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ وہ کون سے امراض ہیں، جن میں قدرت کی یہ خوبصورت اور قیمتی جڑی بوٹی مفید ہے، آئیے جانتے ہیں۔

جگر اور کینسر سے بچاؤ میں مددگار
برطانوی محققین کے مطابق زعفران جگر کے لیےبے حد فائدہ مند ہے۔ اس قیمتی جڑی بوٹی میں موجود بائیو مالیکیول اور کروسین جگر کی صحت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، ساتھ ہی یہ کینسر کے مرض کو روکنے میں بہت حد تک مدد فراہم کرتے ہیں۔ تحقیق کاروں کے مطابق زعفران کےطبی فوائد کے سبب آئندہ برس کینسر کے لیے بنائی جانے والی ادویات میں اس کو استعمال کیا جائے گا۔

پرسکون نیند کیلئے بہترین
جو افراد بے خوابی کے مسئلہ سے دوچار ہیں، ان کےلیے زعفران ملا دودھ فائدہ مندثابت ہوسکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق زعفران میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مختلف طبی مسائل کو دور کرتے ہیں۔ ڈپریشن سے بچاؤ کے لیے بھی یہ مددگار مشروب ثابت ہوسکتا ہے۔ زعفران میں موجود مینگنیز جلدی سونے میں مدد دیتا ہے۔

جِلد کیلئے مفید اور اینٹی ایجنگ
اگر آپ جِلد کے مسائل مثلاً کیل مہاسے، جھائیوں، سفید دھبوں یا بے رونق اورخشک جِلد سے پریشان ہیں تو مختلف طریقوں سے زعفران کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ یہی نہیں، جو خواتین رنگ گورا کرنے کی خواہشمند ہوتی ہیں ان کے لیے زعفران ایک بہترین انتخاب ہے۔ایک چٹکی زعفران اور سورج مکھی کے بیج دودھ میں بھگو دیں۔ اسے رات بھر بھیگا رہنے دیں اور صبح چھان کر پیس لیں۔ اس مکسچر کو چہرے پر ہفتے میں2بار لگائیں، آپ کی رنگت نکھر جائےگی۔

آنکھوں کی بینائی کیلئے مفید
سائنسی ماہرین کے مطابق زعفران کا مسلسل استعمال بڑھاپے میں آنکھوں کے امراض میں کمی لاتا ہے، یہاں تک کہ بینائی کم ہونے کا خطرہ جاتا رہتا ہے۔ یونیورسٹی آف ایل ایکولااٹلی اور سڈنی یونیورسٹی آف آسٹریلیا کے تحقیق کاروں کے مطابق زعفران میں حیرت انگیز طور پر ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں، جن سے آنکھوں کی بینائی تیز ہوتی ہے۔ یہ آنکھوں کے اندر موجود ویژن سیل کو مضبوطی عطا کرتا ہے۔ کھانوں میں زعفران کا استعمال بینائی ختم ہونے کی بہت سی اقسام کے خلاف لڑنے میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے آنکھ کی بینائی کو تقویت دینے والے خلیے بہتر ہوتے ہیں۔ سورج کی سخت روشنی سے متاثر ہونے والی آنکھیں زعفران کے استعمال سے صحتیاب اور موروثی یا پرانی بیماریاں ختم ہوجاتی ہیں ۔

امراض قلب اور زعفران
زعفران دل کے مریضوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس کے استعمال سے دل کے امراض کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزا خون کی شریانوں میں خون کی روانی کو بہتربناتے ہیں۔ یہی نہیں، زعفران کولیسٹرول کے کم لیول کو برقرار رکھنے اور ہائی بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

دمہ اور الرجی کا علاج
زعفران ہی نہیں بلکہ زعفران ملا دودھ بھی مختلف بیماریوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ دمہ یا الرجی سے پریشان ہیں تو ایک گلاس زعفران والا دودھ پی لیں۔ زعفران جوڑوں کے درد، دمہ اور موسم سے جڑی الرجی کو دور کرنے میں معاون ہے کیونکہ اس میں موجود ورم کش خصوصیات اس حوالے سے مدد دیتی ہیں۔
لنک
 
Top