روس: ہسپتال میں آگ بھڑک اٹھنے سے درجنوں ہلاک

130425114213_fire_coffee_304x171_bbc_nocredit.jpg

آگ پر قابو پا لیا گیا ہے

حکام نے کہا ہے کہ ماسکو کے قریب ایک ہسپتال کے دماغی امراض کے وارڈ میں آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح دو بجے ریمنسکی گاؤں کے ہسپتال میں لگی۔
کہا جا رہا ہے کہ بہت سے مریض مقامی تھے۔ خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
آگ لگنے کی وجوہات کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
روسی خبررساں اداروں نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ عمارت کے اس حصے میں لگی جہاں سخت بیمار مریض رکھے جاتے ہیں۔
آگ بجھانے والوں نے شعلوں پر قابو پا لیا ہے، اور اب تک 12 لاشیں برآمد کر لی ہیں۔
ایک مقامی عہدے دار نے کہا کہ تمام کھڑکیوں پر لوہے کی سلاخیں تھیں، اور بہت سے مریض اپنے بستروں پر تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ ہسپتال میں کل 41 مریض تھے۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو نرسیں بھی شامل ہیں۔ ایک تیسری نرس دو مریضوں کو بچانے میں کامیاب ہو گئی۔ اس نے ہنگامی امداد فراہم کرنے والے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ ہسپتال میں صرف یہی تین افراد زندہ بچے ہیں اور بقیہ 38 ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہنگامی امداد فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 20 سے 76 سال کے درمیان تھیں۔
خبررساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں روس میں ہسپتالوں اور اس طرح کی دوسری عمارات میں آگ لگنا معمول کے واقعات میں شامل ہو گیا ہے۔

بہ شکریہ بی بی سی اردو
 
Top