دنیا کے سب سے بڑے نیلم کی دریافت کا دعویٰ!

arifkarim

معطل
دنیا کے سب سے بڑے نیلم کی دریافت کا دعویٰ
160105004952_worlds_largest_blue_star_sapphire_640x360_._nocredit.jpg

اس کے مالک نے اس پتھر کو ’سٹار آف ایڈم‘ کا نام دیا ہے
سری لنکا میں ماہر عِلمِ جواہریات نے ملک کی ایک کان سے دنیا کے سب سے بڑے ستارے کے نشان والے نیلم کی دریافت کا دعویٰ کیا ہے۔

دارالحکومت کولمبو میں قائم ماہرعلم جوہریات کے انسٹی ٹیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا وزن 1404.49 قیراط ہے اور اس کا کہنا ہے انھوں نے اس سے بڑے نیلم کی تصدیق نہیں کی۔

اس قیمتی پتھر کی کم از کم قیمت دس کروڑ ڈالر ہے اور اس کی موجودہ مالک کا اندازہ ہے کہ یہ نیلامی میں 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک نیلام ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں جواہرات کی صنعت کی کم از کم مالیت دس کروڑ 30 لاکھ ڈالر سالانہ ہے اور نیلم کا شمار اس کی اہم برآمدات میں ہوتا ہے۔

اس خاص قسم کے پتھر کو ’بلیو سٹار‘ نیلم بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے مرکز میں ستارے جیسا مخصوص نشان پایا جاتا ہے۔

اس قیمتی پتھر کے مالک نے نام ظاہر کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ ’جیسے ہی میں نے اسے دیکھا، میں نے اسے خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔‘

’جب یہ پتھر میرے پاس لایا گیا تو مجھے شک ہوا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ستارے کے نشان والا نیلم ہوسکتا ہے۔ چنانچہ میں نے خطرہ مول لیا اور اسے خرید لیا۔‘

مالک کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ خریدنے کے لیے کتنا معاوضہ ادا کیا یہ ’بالکل خفیہ‘ معاملہ ہے۔ اس سے قبل سب سے بڑے نیلم کا وزیر 1395 قیراط تھا۔

160105005032_engagement_ring_belonging_to_the_duchess_of_cambridge_624x351_ap_nocredit.jpg

ڈچس آف کیمبرج کیتھرین مڈلٹن کی منگنی کی انگوٹھی میں جڑے نیلم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ سری لنکا سے نکالا گیا تھا
یہ پتھر سری لنکا کے جنوبی شہر رتناپورا سے نکالا گیا ہے، جو جواہرات کا شہر بھی کہلاتا ہے۔

اس کے مالک نے اس پتھر کو ’سٹار آف ایڈم‘ کا نام دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسے یہ سوچتے ہوئے خریدا کہ ’یہ زیور کا ٹکڑا نہیں بلکہ نمائش کا ٹکڑا ہے۔‘

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سری لنکا کے معروف سنار اور جواہر فروش ارمل سمون نے تصدیق کی ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ستارے والا نیلم ہے۔

سری لنکا کے جیم اینڈ جیولری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سنہ 2011 میں ڈچس آف کیمبرج کیتھرین مڈلٹن کی منگنی کی انگوٹھی میں جڑا نیلم بھی 1970 کی دہائی میں سری لنکا سے نکالا گیا تھا۔

یہ اس سے قبل ویلز کی شہزادی ڈیانا کی ملکیت تھا۔
ماخذ
 
Top