دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے

دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے

اس آفاقی شعر کے متعلق جو میری معلومات ہے وہ محبان اردو محفل کے ذوق مطالعہ کی نذر اور اگر قارئین کچھ اور جانتے ہوں تو مہربانی فرما کر ہمارے علم میں اضافہ فرمائیں۔ شکریہ۔

شمس العلماء مولوی محمد حسین آزاد اپنی کتاب "آب حیات" مطبوعہ ١٩٠٦ء میں لکھتے ہیں کہ "ایک دن (میرزا رفیع الدین) سودا مشاعرے میں بیٹھے تھے لوگ اپنی غزلیں پڑھ رہے تھے ۔ایک شریف زادے کی ١٢ یا ١٣ برس عمر تھی ۔اس نے غزل پڑھی۔ مطلع پڑھا

دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے​

گرمیٔ کلام پر سودا بھی چونک پڑے۔ پوچھا یہ مطلع کس نے پڑھا لوگوں نے کہا کہ حضرت یہ صاحبزادہ ہے سودا نے بھی بہت تعریف کی کئی مرتبہ پڑھوایا اور کہا کہ ''میاں لڑکے جوان تو ہوتے نظر نہیں آتے'' خدا کی قدرت انھیں دنوں میں لڑکا جل کر مر گیا۔

اور اسی شعر اور وقعہ کو کچھ رد و بدل کے ساتھ محمد شمس الحق نے اپنی تالیف "پیمانہ غزل" کی جلد اول میں میں ایک شاعر پنڈت مہتاب رائے تاباں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "پنڈت مہتاب رائے نام ، تاباں تخلص۔ تاباں نے خواجہ میر درد کے مشاعرے میں غزل پڑھی۔ کم عمری میں انتقال ہو گیا۔ مندرجہ ذیل شعر ان کے نام منسوب ہے:

شعلہ بھڑک اٹھا مرے اس دل کے داغ سے
آخر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے​

کالی داس گپتا رضا اپنے مضمون "شعر اور اس کے خالق" میں اس شعر اور مولانا آزاد حسین کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ "یہ قصہ آزاد نے شعر کو سامنے رکھ کر گڑھ لیا ہے۔ کیونکہ یہ شعر اس لڑکے کا ہے ہی نہیں بلکہ پنڈت مہتاب رائے تاباں دہلوی کے شعر کی قدرے ترقی یافتہ شکل ہے۔ تاباں میر درد کے ہم عصر تھے اصل شعر یوں ہے۔

شعلہ بھڑک اٹھا مرے اس دل کے داغ سے
آخر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے​

تاباں کو بعض تذکروں نے تاب اور تائب بھی لکھا ہے۔ مختار الدین احمد نے تائب کو اصل مانا ہے۔ مگر تذکرہ "آثار شعرائے ہنوز" مطبوعہ ١٨٨٦ء میں تاب اور تاباں کو الگ الگ شاعر کہا گیا ہے۔ دونوں کو برہمن لکھا ہے مگر تاب کشمیری الاصل تھے اور ان کا نام شتاب رائے تھا۔ تاباں کے لیے (جس سے یہ شعر منسوب ہے) لکھا ہے پنڈت مہتاب رائےبارہ برس کی عمر کے تھے کہ انہوں نے میر درد کے مشاعرے میں آکر غزل پڑھی جس کا مطلع یہ (شعر) ہے۔
بحوالئہ "سہو و سراغ" مطبوعہ ١٩٨٠ء مرتبہ: صابردت)

راقم الحروف کے مطابق پنڈت مہتاب رائے تاباں اور شتاب رائے کے متعلق کچھ خاص معلومات حاصل نہیں ہو سکی۔
والسلام
عامر گولڑوی
سید عمران محمد عبدالرؤوف محمد وارث سید عاطف علی وقار علی ذگر م حمزہ سیما علی جاسمن
 
Top