ایاز صدیقی دل کی دھڑکن کا ہم آہنگِ دعا ہو جانا

مہ جبین

محفلین
دل کی دھڑکن کا ہم آہنگِ دعا ہو جانا
بابِ تاثیر کا آغوش کشا ہوجانا
میرا ایماں ہے حضوری میں ڈھلے گی دوری
" درد کا حد سے گزرنا ہے دوا ہو جانا "
مجھ کو آتا ہے عذابِ شبِ ہجراں کا علاج
یاد کرنا انہیں اور نعت سرا ہو جانا
وہ بلائیں تو سہی اذنِ سفر تو آئے
تَو سنِ شوق کو آتا ہے ہَوا ہو جانا
میں بھی سرکار کے کُوچے کا گدا ہوں یارب
میرے سجدوں کو بھی آجائے ادا ہو جانا
آپ کی سیرتِ اطہر نے سکھایا ہے ہمیں
سر بہ سر بندہِ تسلیم و رضا ہو جانا
تجھ پہ کھل جائیں گے الفاظ کے اسرار ایاز
ان کے در پر ہمہ تن حرفِ دعا ہو جانا
ایاز صدیقی
 

سید زبیر

محفلین
میں بھی سرکار کے کُوچے کا گدا ہوں یارب
میرے سجدوں کو بھی آجائے ادا ہو جانا
جزاک اللہ ۔۔بہت خوبصورت نعت شیئر کی ہے
 
Top