فراق :::: دل افسُردوں کے اب وہ وقت کی گھاتیں نہیں ہوتیں :::: Firaq Gorakhpuri

طارق شاہ

محفلین


4h15.jpg
http://www.urduweb.org/mehfil/tags/فراق+گورکھپوری/
فراق گورکھپوری

غزل

دل افسُردوں کے اب وہ وقت کی گھاتیں نہیں ہوتیں
کسی کا درد اُٹّھے جن میں وہ راتیں نہیں ہوتیں

ہم آہنگی بھی تیری دُورئ قربت نُما نِکلی
کہ تجھ سے مِل کے بھی تجھ سے مُلاقاتیں نہیں ہوتیں

یہ دَورِ آسماں بدلا، کہ اب بھی وقت پر بادل !
برستے ہیں، مگر اگلی سی برساتیں نہیں ہوتیں

زبان و گوش کی ناکامیوں کا کچُھ ٹِھکانا ہے !
کہ باتیں ہو کے بھی تجھ سے کبھی باتیں نہیں ہوتیں

وہ عالم اور ہی ہے جس میں گہری نیند آتی ہے
خوشی وغم میں سونے کے لئے راتیں نہیں ہوتیں

ارے واعظ ، تِری رسمِ عبادت میں دھرا کیا ہے
نگاہیں اہلِ دل کی ، کب مناجاتیں نہیں ہوتیں

سمجھ کچھ راز حُسن وعِشق کے شبہائے فُرقت میں
کہ رونے کے لئے یہ دُکھ بھری راتیں نہیں ہوتیں

سبب کچھ اور ہے ، یا اتفاقاتِ زمانہ ہیں
کہ اب تجھ سے بھی، پہلی سی مُلاقاتیں نہیں ہوتیں

فراق اِس دَور کے اہلِ نظر سے ہے پیام اپنا
حقائق ہوتے ہیں اشعار میں باتیں نہیں ہوتیں


رگھوپتی سہائے، فراق گورکھپوری

 

کاشفی

محفلین
بہت ہی خوب جناب طارق شاہ صاحب!
ارے واعظ ، تِری رسمِ عبادت میں دھرا کیا ہے
نگاہیں اہلِ دل کی ، کب مناجاتیں نہیں ہوتیں
 

طارق شاہ

محفلین
تشکر، کاشفی صاحب اس ہمت افزائی اور اظہار خیال کا ۔
خوشی ہوئی جو منتخب غزل آپ کو پسند آئی
بہت خوش رہیں :)
 

طارق شاہ

محفلین
پسِ نوشت: یہ رگھو پتی سہائے سے کیا مراد ہے؟

رگھو پتی سہائے۔۔ اُن کا حقیقی نام ہے اور فراق تخلص ہے اور جناب کا تعلق گورکھپور سے ہونے کی وجہ سے گورکھپوری ہیں
شاعری، اردو ادب اور انگلش لڑیچر میں بڑا مقام ہے بلکہ ستون کی حیثیت رکھتے ہیں :)
(فیض صاحب اور فراق صاحب پچھلی صدی میں دو عظیم شاعر اور شخصیت ہم سے جُدا ہوئے بھی کہا جاتا ہے )
 
آخری تدوین:
Top