خود پر جب بن آئے تو پھر تلخ مقالی چہ معنی از نویدظفرکیانی

خود پر جب بن آئے تو پھر تلخ مقالی چہ معنی
متھے پڑ جائے تو سچ کو ماں کی گالی چہ معنی


جب وہ میری عرضِ تمنا دیکھ نہ پائیں پڑھ نہ سکیں
کوئی بتاؤ کہ پھر ان کی چشمِ غزالی چہ معنی


سر کی خیر منا پاؤں تو بیگم سے یہ پوچھوں بھی
میرے گھر میں ساس سسر سالے اور سالی چہ معنی


بیگم یہ تسلیم کہ ہم پر ہے یہ خاص کرم لیکن
ٹھنڈی ٹھار ہو جائے تو پھر چائے کی پیالی چہ معنی


پھول یا پھل نہ دے تو اس کا ہونا بھی نہ ہونا ہے
جس پر بندر لٹکے ہوں اُس پیڑ کی ڈالی چہ معنی


اسکائپ پر غنچہ دہاں سے چیٹنگ کرنا خوب مگر
بیگم سر پر ہو تو پھر رنگین خیالی چہ معنی


اور بدن تو ماس اور چربی سے ہے ناکوں ناک بھرا
سر سے اوپر والا حصہ کیوں ہے خالی چہ معنی


دیواروں کو شعر سنانے میں تسکین ہے کاہے کی
سننے والا نہ ہو تو شعروں کی جگالی چہ معنی


اونچی مونچھ کی خاطر بگڑے ہیں تو تاویلیں کیسی؟
لات جما بیٹھے تو ذکرِ خیر سگالی چہ معنی


بات جو اُس نے سمجھانی ہے ہم نے سمجھ لینی ہے ظفر
پھر مولانا کی تقریر میں یہ قوالی چہ معنی


نویدظفرکیانی
 
Top