تعاون برائے اخراجات اردو ویب سال سیزدہم

دوستو! اردو ویب کی ایک اور سالگرہ کی پیشگی مبارکباد قبول فرمائیں۔ آج سے ٹھیک دو ہفتے بعد اردو ویب کے قیام کو پورے تیرہ برس ہو چکے ہوں گے! سابقہ دستور کے مطابق ایک دفعہ پھر وہ موقع آ گیا ہے جب اردو ویب کے زیر اہتمام چل رہی تمام خدمات کو جاری رکھنے نیز ان کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے تمام محبان اردو اور بالخصوص محفلین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اردو ویب کے سالانہ اخراجات کی مد میں اپنا تعاون پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ ہماری ترجیح ہوتی ہے کہ تھوڑا تھوڑا کر کے زیادہ سے زیادہ احباب اس کا حصہ بنیں لیکن یہ روایت رہی ہے کہ بعض احباب اچانک خطیر رقم دے کر ہدف کو آن واحد میں پورا کرا دیتے ہیں اور جو احباب کسی سبب چند روز بعد اپنا تعاون پیش کرنے کا پر خلوص ارادہ رکھتے ہیں ان کو اپنا ارادہ اگلے برس تک کے لئے ملتوی کرنا پڑ جاتا ہے۔ عموماً یہ اعلان جون کی ابتدا میں کیا جاتا ہے اور سالگرہ کی ابتدا سے قبل ختم کر دیا جاتا ہے، لیکن پچھلے چند برسوں سے ہماری دیگر مصروفیات کے باعث کئی دفعہ اس اعلان میں کچھ تاخیر ہوتی رہی ہے جو کہ اس دفعہ بھی دہرائی جا رہی ہے۔ البتہ امید اینکہ اس سال کا ہدف بھی فقط چند دنوں میں پورا ہو جائے گا اور سالگرہ سے قبل اس اعلان کو ختم کر دیا جائے گا۔ :)

امسال وسائل اور خدمات کی دستیابی کے حوالے سے اردو ویب کی کارکردگی تسلی بخش رہی۔ دو ایک دفعہ محفل ڈاؤن ٹائم کا شکار ہوئی لیکن یہ مسائل کچھ اتنے سنجیدہ نہ تھے۔ البتہ پس پردہ بڑے پیمانے پر اردو ویب کی تمام خدمات کی ترتیب نو پر مشاورت ہوتی رہی ہے جس میں اراکین عملہ کے ساتھ ساتھ کچھ اور احباب کو بھی شامل گفتگو رکھا گیا اور کئی معاملات میں کچھ عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ امید ہے کہ ان موضوعات پر عمومی فورم پر بھی بات کی جائے گی تا کہ احباب کی آرا سے مستفید ہوا جا سکے اور اردو ویب کے منصوبوں اور اس کے نظام کو اگلی دہائی کے لیے تیار کیا جا سکے۔ چند ہفتے قبل ایک اپگریڈ کے نتیجے میں اردو انسائیکلوپیڈیا کا نظام بعض مسائل کا شکار ہو گیا ہے جو ہماری دیگر ترجیحات کے باعث اب تک درست نہ ہو سکا، لیکن جلدی ہی اسے میڈیا ویکی کے تازہ ترین نسخے کے ساتھ ایک نئے سرور پر منتقل کرنے کا ارادہ ہے۔ :)

اردو ویب کی مختلف خدمات مثلاً اردو محفل، جمیل خط نما فونٹ سرور، اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری، بزم اردو، اور اردو انسائکلو پیڈیا وغیرہ مختلف نظاموں پر مشتمل ہیں جن کے سرور کی دیکھ ریکھ ہمارے ذمہ ہے۔ البتہ ان خدمات کی فعال نظامت اب بھی مسئلہ ہے اور اس حوالے سے کچھ احباب کو آگے آ کر اپنی خدمات پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ جو احباب لینکس سرور ایڈمنسٹریشن میں دلچسپی اور تجربہ رکھتے ہیں وہ اس کام میں ہمارا ہاتھ بٹانے کے لیے اپنی خدمات کی پیش کش کر سکتے ہیں۔ :)

عروض کی سائٹ یوں تو اردو ویب کا ہی حصہ ہے، لیکن تا حال اس کی نظامت، ہوسٹنگ، اور تمام اخراجات اس کے خالق برادرم سید ذیشان کے ذمہ رہے ہیں۔ بعض تکنیکی پیچیدگیوں کے چلتے اسے اردو ویب کے سرور پر منتقل کرنا ممکن نہ تھا، لیکن اب اس کا امکان موجود ہے، البتہ اس کے لیے بعض تجربات کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد اسے بھی اردو ویب کے زیر انتظام کر کے کم از کم ہوسٹنگ اور ڈومین نیم وغیرہ جیسے اخراجات سے موصوف کو سبکدوش کیا جا سکتا ہے۔ :)

پچھلے برس کی طرح اس دفعہ بھی مجموعی طور پر 450 ڈالر کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ رقم میں محض اردو ویب کی ہوسٹنگ اور ڈومین نیم رجسٹریشن کے اخراجات شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اردو ویب کے تحت استعمال ہونے والے سافٹوئیرز و لائبریریز کی لائسنس فیس کی مد میں بھی کافی اخراجات آتے ہیں جن کے لئے احباب سے تعاون کی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ عطیات کی ادائیگی کے لیے احباب کریڈٹ کارڈ یا پے پال کا استعمال کر سکتے ہیں۔ پے پال کے نئے انٹرفیس میں ڈونیشن کا بٹن کہیں کھو گیا ہے اس لیے ہم اس دفعہ بھی دو برس پرانا بٹن استعمال کر رہے ہیں۔ :)

پے پال یا کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کا ربط۔

جو احباب امریکہ میں مقیم ہوں اور وہ رقم براہ راست ہمارے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر سکیں وہ ہم سے ذاتی مراسلت کر لیں تاکہ متعلقہ تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔ اس طرح پے پال کی اضافی ٹرانزیکشن فیس بچائی جا سکے گی۔ نیز پاکستان میں مقیم احباب اپنے عطیات کے لیے ہم سے ذاتی مکالمے میں رابطہ کر لیں تو ان کو ادائیگی کا کوئی متبادل ذریعہ بتا دیا جائے گا۔ اگر کچھ احباب کے لیے بٹ کوئن کے ذریعہ ادائگی سہل ہو تو اس کا بھی انتظام کیا جا سکتا ہے۔ :)

واضح رہے کہ یہ رضاکارانہ تعاون اردو کی خدمت کے نام پر طلب کیا جاتا ہے اور اس کے عوض احباب کو اردو محفل میں کوئی برتری یا امتیاز حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح تعاون نہ کر پانے والے احباب کی حیثیت میں چنداں فرق نہیں پڑتا۔ بیشتر احباب اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ ان کا نام تعاون فرمانے والوں کی فہرست میں نمایاں کیا جائے اس لئے ہم عموماً تمام معاونین کے ناموں کو صیغہ راز میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ :)

یوں تو ابھی محفل کی تیرہویں سالگرہ کے جشن کے باقاعدہ آغاز میں دو ہفتے باقی ہیں، لیکن اس دفعہ اس نسبت سے ہنگامہ خیزیاں پچھلے ماہ ہی شروع ہو گئی تھیں۔ جشن کا با قاعدہ آغاز یکم جولائی کو ہو گا جو پورے جولائی ماہ جاری رہے گا، لہٰذا احباب اس حوالے سے بھی کمربستہ ہو لیں۔ امید ہے کہ احباب بڑھ کر سامنے آئیں گے اور اس دفعہ جشن سالگرہ کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے، نیز محفل کے بیس لاکھ عمومی پیغامات کا ہدف پورا کرنے کے لیے بھی اپنی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ :) :) :)
 
اگر آپ نے اعلان کو دانستہ یا غیر دانستہ ختم کر دیا ہے تو اپنی ترجیحات کے صفحہ پر جا کر "ختم کردہ اعلان کو واپس لائیں" کی مدد سے دوبارہ فعال کر سکتے ہیں۔ :) :) :)

شکریہ اور اب پچھلے سال والا سوال پھر دوبارہ سے- :LOL:

بہت خوب-
اور ایک تجویز
پے پل کے علاوہ بھی کوئی آپشن ہونی چاہئیے تاکہ ہم جیسوں کو آسانی رہے- شکریہ
 

لاریب مرزا

محفلین
اتنے دن گزر گئے محفل کے سالانہ اخراجات کے سلسلے میں محفلین کی جانب سے کوئی پیش رفت دیکھنے کو نہیں مل رہی۔ کیا وجہ ہے محفلین کہیں بھول تو نہیں گئے۔ :)
 
تمام محفلین کو سالانہ اخراجات تئیں عطیات کے ہدف کی تکمیل پر مبارکباد۔ آپ احباب کی مخلصانہ تعاون کا بے حد شکریہ! :) :) :)
 
Top