مجاز تعارف

حسان خان

لائبریرین
خوب پہچان لو اسرار ہوں میں
جنسِ الفت کا طلب گار ہوں میں
عشق ہی عشق ہے دنیا میری
فتنۂ عقل سے بیزار ہوں میں
خوابِ عشرت میں ہیں اربابِ خرد
اور اک شاعرِ بیدار ہوں میں
چھیڑتی ہے جسے مضرابِ الم
سازِ فطرت کا وہی تار ہوں میں
رنگِ نظارۂ قدرت مجھ سے
جانِ رنگینیِ کہسار ہوں میں
نشۂ نرگسِ خوباں مجھ سے
غازۂ عارض و رخسار ہوں میں
عیب جو حافظ و خیام میں تھا
ہاں کچھ اس کا بھی گنہگار ہوں میں
زندگی کیا ہے گناہِ آدم
زندگی ہے تو گنہگار ہوں میں
رشکِ صد ہوش ہے مستی میری
ایسی مستی ہے کہ ہشیار ہوں میں
لے کے نکلا ہوں گہر ہائے سخن
ماہ و انجم کا خریدار ہوں میں
دیر و کعبے میں مرے ہی چرچے
اور رسوا سرِ بازار ہوں میں
کفر و الحاد سے نفرت ہے مجھے
اور مذہب سے بھی بیزار ہوں میں
اہلِ دنیا کے لیے ننگ سہی
رونقِ انجمنِ یار ہوں میں
عین اس بے سر و سامانی میں
کیا یہ کم ہے کہ گہر بار ہوں میں
میری باتوں میں مسیحائی ہے
لوگ کہتے ہیں کہ بیمار ہوں میں
مجھ سے برہم ہے مزاجِ پیری
مجرمِ شوخیِ گفتار ہوں میں

حور و غلماں کا یہاں ذکر نہیں
نوعِ انساں کا پرستار ہوں میں
محفلِ دہر پہ طاری ہے جمود
اور وارفتۂ رفتار ہوں میں
اک لپکتا ہوا شعلہ ہوں میں
ایک چلتی ہوئی تلوار ہوں میں
(اسرار الحق مجاز)
 
Top