تاجک شاعر فردوس اعظم کی نئی کتاب کی ایران میں نشر

حسان خان

لائبریرین
شہرِ تہران کے ناشر انتشاراتِ پویان نے جوان تاجک شاعر فردوسِ اعظم کی غزلوں کا مجموعہ 'یک بغل غزل' سَو نسخوں کی تعداد میں اور فارسی و روسی خط میں شائع کیا ہے۔
تہران میں مقیم تاجک روزنامہ نگار شاہ منصور شاہ میرزا کے مطابق، کتابِ مذکور فردوس اعظم کی ۳۰ غزلوں پر مشتمل ہے اور یہ کتاب نفیس آرائش کے ساتھ طبع پذیر ہوئی ہے۔ فردوس نے اس سے قبل اپنے اشعار کی کتاب 'ابر ہائےآبی' بھی کو سال ۲۰۱۳ء میں فارسی اور روسی خطوں کے ساتھ شائع کرایا تھا۔
ایران کے شاعرانِ نام آور میں سے ایک مہدی بہمنی نے 'یک بغل غزل' پر پیش گفتار لکھا ہے اور وہ اس تازہ بیان سخن گو کے ظہور پر اظہارِ خوشی و مسرت کرتے ہوئے کہتے ہیں: "جنابِ شاعر اپنی منکسر اور زُود رنج شاعرانہ طبیعت سے سخن میں اپنا درونی سوز و گداز لا کر اُسے شعری زبان میں بازگو کرتے ہیں۔
چیزی نگفته‌ایم به جز دردهای خویش
اما علیهِ ما همه ترفند می‌کنند
(ہم نے اپنے دردوں کے سوا کوئی چیز نہیں کہی ہے، لیکن (پھر بھی) سب لوگ ہمارے خلاف حیلہ بازی کرتے ہیں۔)
'یک بغل غزل' کے اشعار کی لطافت و جذابیت اس جوان شاعر کے سخن میں اس انداز سے انشا ہوئی ہیں کہ یہ اشعار ژرف اندیش قاری پر اثر کرتے ہیں اور اُس کی زبان پر جاری و ساری ہو جاتے ہیں۔ بعض لحظوں میں فریاد و اعتراض کا دامن بھی مزید وسیع جاتا ہے۔ 'یک بغل غزل' کے ابیات جنابِ فروس اعظم کو ایک شوریدہ حال شاعر کے طور پر پیش کرتے ہیں کہ جن کے ہم عصر لوگوں کا غم اُن کے دقیق مضامین کے اضطراب کی شکل میں ظاہر ہے۔"
منابع کے مطابق، اس کتاب کی ایران کے ادبی حلقوں میں رونمائی ہو گی اور بہت سے ثقافتی مراکز میں اسے بہ طورِ رائیگاں پیش کیا جائے گا۔
فردوسِ اعظم تاجکستان کے خوش بیان شاعر اعظم خجستہ کے خانوادے میں ۱۹۸۴ء میں متولد ہوئے تھے اور انہوں نے دانشگاہِ خنجد کے شعبۂ زبان ہائے خارجی میں انگریزی زبان کی تخصیص کے ساتھ اپنی تحصیل مکمل کی ہے۔
ان کے اشعار تاجکستان، ایران، افغانستان اور دیگر ممالک کے کئی مطبوعاتی اور برقی نشریوں میں شائع ہو چکے ہیں اور ان شاعر کے اپنے دو ذاتی بلاگ بھی ہیں جن کے روابط ذیل میں مذکور ہے:
http://firdavs.blogfa.com/
http://firdavsi-azam.iran.sc/

(منبع: تاجک اخبار 'تاج نیوز')
تاریخ: ۳ مارچ ۲۰۱۵ء

× مذکورہ بالا دونوں بلاگوں پر شاعر کا کلام پڑھا جا سکتا ہے۔

محمد وارث
 
آخری تدوین:
Top