بینائی سے محروم پاکستانی لڑکی مقبول ترین شو برٹن گوٹ ٹیلنٹ میں ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئی

جاسم محمد

محفلین
بینائی سے محروم پاکستانی لڑکی مقبول ترین شو برٹن گوٹ ٹیلنٹ میں ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گئی
16 مئی ، 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ایک 14سالہ برٹش پاکستانی لڑکی، جوکہ 10 سال کی عمر میں اپنی بینائی سے محروم ہو گئی تھی، آئی ٹی وی کے مشہور ہٹ شو برٹن گوٹ ٹیلنٹ میں ناظرین کی انتہائی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، توقع ہے کہ مقبول شو کا فائنل جیت لے گی۔ شیریں جہانگیر، جوکہ اس شو میں حصہ لینے والی واحد پاکستانی نژاد ہے، وہ وزیراعظم عمران خان کے برطانیہ اور یورپ میں تجارت و سرمایہ کاری پر موجودہ ترجمان صاحبزادہ جہانگیر کی پوتی ہے۔ فوزیہ قصوری شیریں کی خالہ اور مرحوم پاپ اور نشید گلوکار جنید جمشید اس کے انکل تھے۔ شیریں نے اپنی موسیقی کی حیران کن پرفارمنسز اور شو کے ججز سمن کوویل، ایلیشا ڈکسن، امانڈا ہولڈن اور ڈیوڈ ولیم کی جانب سے فتح کن اعتراف کے بعد اپنی حریف کو شکست دے کر اچانک مقبولیت حاصل کر لی۔ شیریں جہانگیر 2005 کو لندن میں پیدا ہوئی تھی۔ پانچ سال کی عمر تک وہ ہر قسم کی سرگرمیوں بشمول سپورٹس میں متحرک تھی جبکہ ڈانسنگ اس کا پسندیدہ شوق تھا۔ اس کی فیملی کو ایک سال میں اس کی ایک آنکھ بصارت سے مکمل محروم ہوجانے کا علم اس وقت ہوا جب شیریں کی عمر 5 سال تھی، حالانکہ ایک آنکھ بالکل درست تھی مگر خطرہ تھا کہ وہ بھی متاثر ہوگی۔ وقت گزرنے کے ساتھ فیملی کے خدشات حقیقت میں بدلنے لگنے اور شیریں دھیرے دھیرے بصارت سے محروم ہونے لگی جبکہ 10 سال کی عمر میں وہ بینائی سے مکمل محروم ہو گئی۔ ایک فیملی فرینڈ نے جنگ اور جیو کو بتایا کہ یہ پانچ سال انتہائی کرب انگیز تھے جب شیریں نے دھیر دھیرے بریل سیکھا اور کتابیں پڑھنے کا دوبارہ آغاز کیا۔ اس کے والدین اور فیملی نے ٹیلنٹیڈ بچی کو ہمیشہ سپورٹ کیا جو اسے دنیا میں نامور بنانے کے خواہش مند ہیں۔ شیریں جب 12 سال کی ہوئی تو اس کے والدین مل ہل، نارتھ لندن منتقل ہوگئے کیوں کہ سینٹرل لندن میں کوئی ایسا سیکنڈری سکول نہیں تھا جو اس کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے تعلیمی سلسلہ پورا کر سکتا۔ اپنے نئے سکول میں شیریں کو ماہرین تک رسائی ملی جن سے اسے دیگر ہنر سیکھنے میں مدد ملی۔ اس نے پیانو بجانا خود سیکھ لیا تھا اور گلوکاری اور موسیقی ترتیب دینے کا آغاز کیا۔ اس نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اس کی مہارت اسے برٹنز گوٹ ٹیلنٹ میں منتخب ہونے کے پراسس میں لے گئی۔ ہفتہ کے روز (آج) وہ آئی ٹی وی پربرٹن گوٹ ٹیلنٹ کے آڈیشن کے مرحلہ میں شرکت کر رہی ہے۔ جنگ اور جیو کی جانب سے رابطہ کرنے پر صاحبزادہ جہانگیر نے تصدیق کی کہ شیریں سلیبریٹی پینل کے روبرو پیش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس پر فخر ہے۔ اس نے سخت محنت کی اور موسیقی سے اسے پیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی کو معذوری کا سامنا ہو تو اللہ پاک اس کو استشنائی ٹیلنٹ کا تحفہ دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیریں چیرٹی کے کاموں میں حصہ لیتی اور دوسروں کی مدد کرتی ہے، وہ اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتی ہے، جس نے اسے اس فن سے نوازا ہے۔ شیریں کے والد کفیل جہانگیر نے دی نیوز اور جیو کو بتایا کہ شیریں نے یہ خود سیکھ لیا تھا کہ موسیقی کو کس طرح لکھتے، کمپوز کرتے اور پلے کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ شیریں کے ہمراہ گئے تھے اور یہ دیکھ کر حیرون رہ گئے کہ وہ کس طرح 3000 افراد کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی تھی۔ وہ ہر پیر کے روز سکول جاتی ہے اور معذوری کے شکار ایک چھ سالہ لڑکے کو پڑھاتی ہے، وہ اسے بریل بھی سکھا رہی ہے۔
 
Top