بھارتی پولیس کامجاہدین سربراہ تحسین اختر کوگرفتارکرنے کادعویٰ

بھارتی پولیس کامجاہدین سربراہ تحسین اختر کوگرفتارکرنے کادعویٰ

نئی دہلی…بھارتی پولیس نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اس نے عسکریت پسند بھارتی مجاہدین گروپ کے مبینہ سربراہ تحسین اختر عرف منو کو گرفتار کرلیا ہے۔23سالہ تحسین اختر جنھیں بھارت کا انتہائی مطلوب ملزم کہا جاتا پر مختلف بم دھماکوں بشمول گزشتہ برس بی جے پی کے رہنماء نریندر مودی پر حملے کا بھی الزام ہے۔دہلی کے انسداد دہشتگردی سیل کے اعلیٰ افسر ایس این شری واستو کے مطابق پولیس نے تحسین اختر کو بھارت ،نیپال سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں سے گرفتار کیا ہے۔دریں اثناء بتایا جاتا ہے کہ دوروز قبل ضیاء الرحمن عرف وقاص کو بھی راجھستان کے علاقے اجمیر سے تین ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔ ا سپیشل پولیس کمشنر ایس این شریواستوا نے مزید کہا کہ تحسین اختر یاسین بھٹکل کی گرفتاری کے بعد بھارتی مجاہدین کی تنظیم کے سربراہ تھے۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنظیم کی تمام قیادت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی مجاہدین کے تمام کمانڈرز احمد ، زرار عرف یاسین بھٹکل، تحسین اختر عرف مونو، اسد اللہ اختر عرف حادی اور ضیاء الرحمن عرف وقاص ان کی حراست میں ہیں۔ احمد زرار اور اسد اللہ اختر کو گزشتہ سال بھارت نیپال سرحد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ تحسین اختر ، یاسین، حادی اور وقاص 12 جولائی 2011ء کو ممبئی کے اوپرا ہاوٴس اور زایوری بازار میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہیں۔ اس گروپ نے یکم اگست 2012ء کو پونا میں بھی حملے کیے تھے۔ پولیس نے کہا ہے کہ رحمن نے بنگلور میں ریاض بھٹکل سے ہدایات لی تھیں کہ وہ حیدر آباد میں دھماکوں کیلئے تیار رہے۔ فروری 2013ء میں رحمن اور حادی حیدر آباد شفٹ ہوگئے اور21 فروری کو وہاں دھماکے کیے۔ ادھر بھارتی وزیرداخلہ سشیل کمارشندے نے انڈین مجاہدین کے چاراہم رہنماؤں کی گرفتاری کو بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے میں مددملے گی،بھارتی میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے سشیل کمارشندے نے کہاکہ گرفتاریوں سے متعلق وقت آنے پر مزید اس کی وضاحت کریں گے،فی الحال میں صرف اتنا کہوں گا کہ یہ ہمارے لیے بڑی کامیابی ہے کہ ہم نے ان کو پکڑلیاہے۔

http://urdu.geo.tv/UrduDetail.aspx?ID=142395
 
Top