چھٹی سالگرہ بچوں کے لیے نظمیں محفل کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
شَمّن شاہ کے باڑے میں

صبح سویرے ہم پہنچے
کرتے ہم دھم دھم پہنچے
دودھ ہمیں جو لینا تھا
شمن شاہ کے باڑے میں
خوب کڑکتے جاڑے میں
شمن شاہ کے باڑے میں

بھینسیں تھیں اور گائیں تھیں
کرتی بھائیں بھائیں تھیں
دودھ نکلتا تھا جن کا
شمن شاہ کے باڑے میں
خوب کڑکتے جاڑے میں

دودھ بہت ہی پتلا تھا
بالکل پانی جیسا تھا
ایسا دودھ ہی ملتا تھا
شمن شاہ کے باڑے میں
خوب کڑکتے جاڑے میں

ہر جانب ہی مٹی تھی
ہر شے میلی کچیلی تھی
ادھر ادھر سب گندگی تھی
شمن شاہ کے باڑے میں
خوب کڑکتے جاڑے میں

(پروفیسر محمد ظریف خان)​
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
نیا سال ہر گز نہ ہو رائیگاں


ہوا ہے بہت زندگی میں زیاں
نیا سال ہر گز نہ ہو رائیگاں

سدا اپنے رب کی عبادت کریں
ڈریں تو اسی کے غضب سے ڈریں

ادا شکر اس کا ہمیشہ کریں
عطا کی ہیں جس نے ہمیں نعمتیں

قناعت کو اپنا بنائیں شعار
کہ دولت سے ملتا نہیں ہے قرار

حسد اور کینہ نہ دل میں رکھیں
کسی سے نہ نفرت کبھی ہم کریں

نہ اسراف بیجا کبھی ہم کریں
مدد دوسروں کی بھی کرتے رہیں

حسد ہم کسی سے نہ ہر گز کریں
جیئیں اور اوروں کو بھی جینے دیں


(کلام : یاسمین حزیں)​
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
جُگنوؤں کی قطار


جگنوؤں کی قطار بن جاؤ
آؤ ، پھولوں کا ہار بن جاؤ

روشنی بانٹتے چلو بچو!
روشنی کا مینار بن جاؤ

اور خوشبو بکھیرنا سیکھو
تم خزاں میں بہار بن جاؤ

علم بچو! گلی گلی بکھرے
علم والوں کے یار بن جاؤ

چلتا پھرتا نشانِ منزل ہو
آؤ، ایسا معیار بن جاؤ

ہو جو کردار رشک کے قابل
بندہ بُردبار بن جاؤ

چاند بن کر جہان میں چمکو
روشنی کی پھوار بن جاؤ


(کلام : حافظ مظفر محسن)​
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
اچھے بچے

اچھے بچے بن کر نکلو
ٹھوکر کھا کر بھی تم سنبھلو

یوں ہی اپنے ہونٹ نہ کھولو
پہلے سوچو ، بعد میں بولو

اُف تک اپنے لب پہ نہ لانا
چاہے کچھ بھی کہے زمانہ

وعدہ کر کے بھول نہ جاؤ
جو بھی کہہ دو ، کر کے دکھاؤ

مانو تم پرویز کا کہنا
سب سے اچھا علم کا گہنا


(کلام : کرشن پرویز)​
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
دعا

ہاتھ اٹھائے ، سر کو جھکائے
تیرے کرم پر آس لگائے

آئے ہیں یارب ! تیرے در پر
اپنے کرم کی ہم پہ نظر کر

نام پہ تیرے جان فدا ہو
کوئی نہ دل میں تیرے سوا ہو

سیدھی راہ دکھا دے ہم کو
سچ مچ نیک بنا دے ہم کو

قوم کو دل سے پیار کریں ہم
قوم کا بیڑا پار کریں ہم

علم و ہنر سے شاد ہمیں کر
فکروں سے آزاد ہمیں کر

(شاعر ؛ نامعلوم)​
 
Top