بل گیٹس دنیا کی سب سے پسندیدہ زندہ شخصیت

برطانوی اخبار ٹائمز کے لیے یو ڈاٹ جی او وی (YOU.GOV) کی جانب سے بین الا اقوامی سطح پر ’دنیا کی سب سے پسندیدہ زندہ شخصیت‘ کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
اس ووٹنگ میں حصہ لینے والے افراد نے مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بِل گیٹس کو منتخب کیا جنھیں 10.10 فیصد ووٹ ملے۔
اس سروے میں پوری دنیا کے 13 ممالک کے تقریباً 14,000 افراد نے حصہ لیا۔
سروے کے بعد جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق بِل گیٹس 10.10 فیصد لے کر پہلے نمبر پر رہے۔
امریکہ کے صدر براک اوباما 9.27 فیصد ووٹ لے کر دوسرے جب کہ روس کے صدر ولادمیر پوتن 3.84 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
رومن کیتھولک عیسائیوں کے نئے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس 3.43 فیصد ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
بھارت کے معروف کرکٹر سچن تندولکر 3.28 فیصد ووٹ حاصل کر کے پانچویں نمبر پر رہے۔
اس فہرست میں چین کے نائب صدر شی جنپنگ 2.86 فیصد ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔
سروے کے مطابق بھارت کے سیاست دان نریندر مودی 2.55 فیصد ووٹ لے کر ساتویں، بھارت کے معروف اداکار امیتابھ بچن 2.01 فیصد ووٹوں کے ساتھ نویں نمبر پر آئے۔
پاکستان کے سابق کرکٹر اور تحریکِ انصاف کے چیرمین عمران خان 0.95 فیصد ووٹ لے کر بارہویں جب کہ پاکستان ہی کے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی 0.38 فیصد ووٹوں کے ساتھ اس فہرست میں 29 ویں نمبر پر رہے۔
امریکہ میں پوپ فرانسس صدر اوباما سے دگنی تعداد میں ووٹ لے کر سب سے پسندیدہ شخصیت رہے۔
بل گیٹس کو چین میں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ سائنسدان سٹیفن ہاکنگ برطانیہ میں اول نمبر پر رہے ۔
کمپنی کا کہنا ہےکہ اس تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر یہ سروے ایک مہینے قبل کیا گیا ہوتا تو نیلسن منڈیلا اس فہرست میں سرِ فہرست رہتے۔
http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2014/01/140111_most_admired_persons_survery_rwa.shtml
 
Top