برطانوی میراتھن ایتھلیٹ دوڑ کے دوران ہلاک

120812154707_marathon_304x171_ap_nocredit.jpg

اس دوڑ میں نو ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا
ایک برطانوی میراتھن ایتھلیٹ دوڑ کے دوران ہلاک ہو گئے۔ شبہ ہے کہ انھیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
لندن سے تعلق رکھنے والے اس ایتھلیٹ کا ہوو شہر میں زمین پر گرنے کے بعد طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے رشتے داروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔سسیکس پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں برائٹن کے رائل سسیکس کاؤنٹی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا ہنگامی آپریشن کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
دوڑ کے ڈائریکٹر ٹم ہچنگز کہتے ہیں، ’یہ انتہائی افسوس ناک خبر ہے۔ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ آج صبح ایک کھلاڑی برائٹن میراتھن کے دوران ہلاک ہو گیا۔‘
انھوں نے کہا، ’ہم نے بڑی سخت ہنگامی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، اور ہم نے لندن میراتھن جیسے بلند پایہ مقابلے سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انھیں موقعے پر ہی سینیئر ڈاکٹروں، نرسوں اور دوسرے طبی عملے نے امداد دی۔ انھیں ایمبولنس میں ہسپتال لے جایا گیا، لیکن اس کے باوجود وہ رائل سسیکس کاؤنٹی ہسپتال میں فوت ہو گئے۔‘
ہچنگز نے مزید کہا، ’اس وقت میراتھن دوڑ کے تمام شرکا اس افسوس ناک خبر کی وجہ سے صدمے کی کیفیت میں ہیں اور ان کے خاندان کے دکھ میں شریک ہیں۔‘
سسیکس پولیس کے ترجمان نے کہا، ’پونے 12 بجے ہنگامی امداد کی درخواست کی گئی تھی۔ خیال ہے کہ ایتھلیٹ کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
’انھیں طبی عملے اور ایک پولیس اہلکار نے موقعے ہی پر طبی امداد دینے کی کوشش کی، جس کے بعد انھیں ایمبولنس میں ہسپتال لے جایا گیا۔ ان کا آپریشن بھی ہوا لیکن وہ اس کے تھوڑی دیر بعد فوت ہو گئے۔‘
اتوار کو برائٹن میراتھن میں نو ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ دوڑ کا آغاز برطانوی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر میٹ پرائر نے پریسٹن پارک سے کیا۔
اس سالانہ دوڑ کا آغاز 2010 میں ہوا تھا۔

بہ شکریہ بی بی سی اردو
 
Top