برائے اصلاح: میں وُہ پرانا ورق ہوں جو اب نئی کتابوں سے پھٹ چکا ہوں

مقبول

محفلین
محترم الف عین صاحب، دیگر اساتذہ کرام اور احباب سے اصلاح کی درخواست کے ساتھ ایک غزل پیشِ خدمت ہے

میں وُہ پرانا ورق ہوں جو اب نئی کتابوں سے پھٹ چکا ہوں
امین ہوں میں قدامتوں کا ، جدید طرزوں سے کٹ چکا ہوں

جو مجھ کو لکھتے ہیں اک پتے پر انہیں یہ شاید خبر نہیں ہے
کہ جب سے تم سے جدا ہوا ہوں میں کتنے ٹکڑوں میں بٹ چکا ہوں

ہیں اور کیا مجھ سے چاہتے میری پیش قدمی سے خوش نہ تھے جو
اب الٹے قدموں پہ چلتے چلتے میں قبر تک تو سمٹ چکا ہوں

کہیں تو ملتا وصال کا لفظ زندگی کی کتاب میں بھی
فراق کی ہے کہانی ہر سو، میں جتنے اوراق الٹ چکا ہوں

نہ وُہ تکیں میرے آنے کی راہ اپنے گھر کے جھروکوں سے اب
میں اپنا مذہب بدل چکا ہوں میں راہِ الفت سے ہٹ چکا ہوں

عبادتیں صبح و شام کی ہیں نہ کام کی ہیں مری دعائیں
نہ ہو گی توبہ قبول میری ، میں جن گناہوں سے اٹ چکا ہوں

حسین چہروں سے ہار جانے میں بھی تو مقبول اک نشہ ہے
ہے خلق حیراں کہ مہ وشوں سے میں جیتی بازی الٹ چکا ہوں
 
گُلِ یاسمیں

لائبریرین
مقبول بھائی، پھٹنے کا مرحلہ تو بعد میں آئے گا پہلے یہ بتائیں کہ پرانا ورق نئی کتابوں میں آیا کہاں سے؟
ہمیں اگرچہ شعر و شاعری کی سمجھ نہیں لیکن ایک اندازہ ہے کہ شاعر نے پرانا ورق شاید کسی پرانے مضمون کو بولا ہے جو پچھلے سال تو نصاب میں تھا مگر اس سال نہیں۔
 
محمد عبدالرؤوف

تو مضمون کے لیے مضمون کا ہی لفظ آنا چاہیے۔
مقبول بھائی، ایک مشورہ۔

میں ایک مضمون ہوں پرانا، کتابِ عالم سے ہٹ چکا ہوں
 
عظیم

محفلین
میرے خیال میں تو پرانا ورق چل سکتا ہے، شاعر جو کہنا چاہتا ہے وہ شاید اسی طرح بیان ہو گا، مزید یہ کہ نئی کتاب میں بھی کوئی ایک آدھ ورق پرانا ہو سکتا ہے، یعنی میلا ہو سکتا ہے، یا پھر گھسا ہوا
بھائی محمد عبدالرؤوف کا مجوزہ مصرع 'کتاب عالم' کی وجہ سے مناسب نہیں لگ رہا، میرا خیال ہے کہ مضمون بالکل بدل جاتا ہے، نئی کتابوں اور کتاب عالم سے ہٹ/پھٹ جانا دو الگ الگ چیزیں ہیں
مختصر یہ کہ میں مطلع قابل قبول سمجھتا ہوں اگرچہ میری رائے کسی اہمیت کی حامل تو نہیں ہے فی الحال!

جو مجھ کو لکھتے ہیں اک پتے پر انہیں یہ شاید خبر نہیں ہے
کہ جب سے تم سے جدا ہوا ہوں میں کتنے ٹکڑوں میں بٹ چکا ہوں
'اک پتے' اچھا نہیں لگ رہا، شاید بس اک پتے پر بہتر ہو
جو مجھ کو لکھیں بس اک پتے پر...
باقی درست لگتا ہے شعر

ہیں اور کیا مجھ سے چاہتے میری پیش قدمی سے خوش نہ تھے جو
اب الٹے قدموں پہ چلتے چلتے میں قبر تک تو سمٹ چکا ہوں
پہلا مصرع عدم روانی کا شکار لگتا ہے
بطور خاص 'چاہتے میری' کا ٹکڑا
دوسرے میں الٹے پاؤں قبر تک چلنا ٹھیک نہیں لگتا کہ قبر تو آگے کی جانب ہے، یعنی چلتے جانے کے بعد نہ کہ پیچھے جہاں سے زندگی کی ابتدا ہوئی تھی

کہیں تو ملتا وصال کا لفظ زندگی کی کتاب میں بھی
فراق کی ہے کہانی ہر سو، میں جتنے اوراق الٹ چکا ہوں
'کتاب میں بھی' میں 'بھی' غیر ضروری لگ رہا ہے، کسی طرح 'میری کتاب زیست' یا میرے زندگی کی کتاب میں لایا جایا تو ایک اچھا شعر ہو سکتا ہے ماشاء اللہ
دوسرے میں 'فراق کی' میں جو تنافر ہے اس کو بھی اگر دور کر لیا جائے

نہ وُہ تکیں میرے آنے کی راہ اپنے گھر کے جھروکوں سے اب
میں اپنا مذہب بدل چکا ہوں میں راہِ الفت سے ہٹ چکا ہوں
'تکیں' لفظ بھی کچھ اچھا نہیں لگ رہا اور دوسرا زیادہ حرف گرانے کی وجہ سے بھی روانی متاثر کر رہا ہے
الفاظ کی نشست بدل کر اگر 'تکیں' مکمل' لے آیا جائے تو ٹھیک رہ سکتا ہے

عبادتیں صبح و شام کی ہیں نہ کام کی ہیں مری دعائیں
نہ ہو گی توبہ قبول میری ، میں جن گناہوں سے اٹ چکا ہوں
یہ مجھے لگتا ہے کہ مکمل شعر ہی دوبارہ کہنے کی ضرورت ہے، گناہوں سے اٹنا بھی عجیب لگ رہا ہے

حسین چہروں سے ہار جانے میں بھی تو مقبول اک نشہ ہے
ہے خلق حیراں کہ مہ وشوں سے میں جیتی بازی الٹ چکا ہوں
نشہ کا تلفظ کچھ حضرات نش ہ درست مانتے ہیں اگرچہ ن شہ بھی قبول کر لیا جاتا ہے، بہتر ہے کہ 'مزا' لے آئیں ورنہ اس کی نشست بدل دیں کہ درست نش ہ سمجھا جاتا ہے
باقی مجھے درست لگتا ہے
 
مقبول

محفلین
محمد عبدالرؤوف صاحب، عظیم صاحب، جاسمن صاحبہ
آپ سب کے وقت، توجہ، اعتراضات اور تجاویز کے لیے شکر گذار ہوں۔
استادِ محترم ( الف عین ) کی رائے آنے کے بعد انشااللّہ سب نقائص کو ایک ساتھ درست کرنے کی سعی کروں گا ۔ اس دوران کچہ نکات کی وضاحت کرنے کی کوشش کرتا ہوں
بول بھائی، پھٹنے کا مرحلہ تو بعد میں آئے گا پہلے یہ بتائیں کہ پرانا ورق نئی کتابوں میں آیا کہاں سے؟
ہاہاہا
یہی تو فساد کی جڑ ہے کہ نئی کتاب میں ایک پرانا ورق لگا دیا گیا جو وہاں مس فٹ تھا اور نتیجتاً پھٹ گیا / پھاڑ دیا گیا
'اک پتے' اچھا نہیں لگ رہا، شاید بس اک پتے پر بہتر ہو
جو مجھ کو لکھیں بس اک پتے پر...
باقی درست لگتا ہے شعر
جی، مجھے بھی لگتا تھا کہ لفظ بس شامل ہونا چاہیئے ۔ اس مصرعے کو یوں کر لیتے ہیں
بس اک پتے پر جو مجھ کو لکھتے ہیں ان کو شاید خبر نہیں ہے
پہلا مصرع عدم روانی کا شکار لگتا ہے
بطور خاص 'چاہتے میری' کا ٹکڑا
دوسرے میں الٹے پاؤں قبر تک چلنا ٹھیک نہیں لگتا کہ قبر تو آگے کی جانب ہے، یعنی چلتے جانے کے بعد نہ کہ پیچھے جہاں سے زندگی کی ابتدا ہوئی تھی

میرا خیال ہے چاہتے اور میری کے درمیان وقفہ دینے کے لیے کاما لگانے کی ضرورت ہے

اچھا، میرے خیال میں منظر تھوڑا مختلف اور شاید گھمبیر بھی ہے۔ یہ پیش قدمی زندگی گذرنے سے متعلق نہیں بلکہ ایک انسان کی اپنی ترقی کے لیے آگے بڑھنے کی خواہش اور مخالفین کی اسے آگے آ کر روکنے / ڈرانے کی کوشش ہے جو ایک کمزور انسان ہونے کی وجہ سے اسے الٹے قدموں پیچھے ہٹنے پر مجبور کرتی ہے حتیٰ کہ موت آ جاتی ہے۔
'کتاب میں بھی' میں 'بھی' غیر ضروری لگ رہا ہے، کسی طرح 'میری کتاب زیست' یا میرے زندگی کی کتاب میں لایا جایا تو ایک اچھا شعر ہو سکتا ہے ماشاء اللہ
دوسرے میں 'فراق کی' میں جو تنافر ہے اس کو بھی اگر دور کر لیا جائے

بھی، اصل میں وصال کے لفظ کے ساتھ ہے یعنی تعقید در آئی ہے ۔ دیکھتا ہوں

فراق اور کی کے تنافر مجھے معلوم تھا لیکن کوئی حل وقتی طور پر ذہن میں نہیں آ رہا تھا ۔ دیکھتا ہوں
'تکیں' لفظ بھی کچھ اچھا نہیں لگ رہا اور دوسرا زیادہ حرف گرانے کی وجہ سے بھی روانی متاثر کر رہا ہے
الفاظ کی نشست بدل کر اگر 'تکیں' مکمل' لے آیا جائے تو ٹھیک رہ سکتا ہے
راہ تکنا محاورہ ہے تو اس لیے تکیں استعمال کر لیا ۔ مزید یہ کہ وزن بھی ایسے ہے پورا ہوتا تھا۔ ہا ہا ہا ۔مجھے بھی زیادہ بہتر نہیں لگ رہا۔ شاید یوں بہتر ہو
نہ میرے آنے کی راہ دیکھیں ، وُہ اپنے گھر کے جھروکوں سے اب

میرے، آنے اور اپنے میں ے گرایا گیا ہے جو عمومی طور پر شاید بڑا نقص نہیں سمجھا جاتا ۔ تاہم اس پر بھی سوچتا ہوں
ہ مجھے لگتا ہے کہ مکمل شعر ہی دوبارہ کہنے کی ضرورت ہے، گناہوں سے اٹنا بھی عجیب لگ رہا ہے

باقی آرا آنے کے بعد دیکھتے ہیں
نشہ کا تلفظ کچھ حضرات نش ہ درست مانتے ہیں اگرچہ ن شہ بھی قبول کر لیا جاتا ہے، بہتر ہے کہ 'مزا' لے آئیں ورنہ اس کی نشست بدل دیں کہ درست نش ہ سمجھا جاتا ہے
باقی مجھے درست لگتا ہے

میرے خیال میں اور ریختہ ڈکشنری کے مطابق نشہ فَعَل کے طور پر تقطیع ہوتا ہے

تفصیلی اظہارِ رائے کے لیے بہت شکریہ
 
آخری تدوین:

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
یہی تو فساد کی جڑ ہے کہ نئی کتاب میں ایک پرانا ورق لگا دیا گیا جو وہاں مس فٹ تھا اور نتیجتاً پھٹ گیا / پھاڑ دیا گیا
لیکن آپ کے شعر کے متن سے یہ بات ظاہر نہیں ہو رہی جو آپ تفہیم کی غرض سے نثر میں بیان کر رہے ہیں۔
میرے خیال میں تو پرانا ورق چل سکتا ہے، شاعر جو کہنا چاہتا ہے وہ شاید اسی طرح بیان ہو گا، مزید یہ کہ نئی کتاب میں بھی کوئی ایک آدھ ورق پرانا ہو سکتا ہے، یعنی میلا ہو سکتا ہے، یا پھر گھسا ہوا
اور جو عظیم بھائی فرما رہے ہیں۔ اگر اس مصرع سے یہی مراد لی جائے تو دوسرے مصرع سے میرے خیال میں مناسبت پیدا نہیں ہوتی۔
امین ہوں میں قدامتوں کا ، جدید طرزوں سے کٹ چکا ہوں
جب ایک ہی کتاب کے صفحات ہیں تو کیسے ممکن ہے کہ ایک ورق تو قدامتوں کا امین ہو باقی جدید طرز پر ہوں۔
مقبول بھائی، کیا آپ نے کبھی ایسی کوئی کتاب دیکھی ہے؟؟؟🙂
ہاں کچھ مضامین تو ہو سکتے ہیں جن کا گزرتے وقت کے ساتھ "کتابِ عالم" (ایک مجھے یہ بھی سمجھ نہیں آئی کہ عظیم بھائی نے اس لفظ کو غیر مناسب کیوں کہا) یعنی زمانے کی کتاب سے لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہٹا دیا گیا ہو۔
 
مقبول

محفلین
لیکن آپ کے شعر کے متن سے یہ بات ظاہر نہیں ہو رہی جو آپ تفہیم کی غرض سے نثر میں بیان کر رہے ہیں۔

اور جو عظیم بھائی فرما رہے ہیں۔ اگر اس مصرع سے یہی مراد لی جائے تو دوسرے مصرع سے میرے خیال میں مناسبت پیدا نہیں ہوتی۔

جب ایک ہی کتاب کے صفحات ہیں تو کیسے ممکن ہے کہ ایک ورق تو قدامتوں کا امین ہو باقی جدید طرز پر ہوں۔
مقبول بھائی، کیا آپ نے کبھی ایسی کوئی کتاب دیکھی ہے؟؟؟🙂
ہاں کچھ مضامین تو ہو سکتے ہیں جن کا گزرتے وقت کے ساتھ "کتابِ عالم" (ایک مجھے یہ بھی سمجھ نہیں آئی کہ عظیم بھائی نے اس لفظ کو غیر مناسب کیوں کہا) یعنی زمانے کی کتاب سے لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہٹا دیا گیا ہو۔

جناب ، میرے ٹاٹ جیسے مصرعوں میں آپ مخمل کا پیوند لگائیں گے تو پھر کیا ہو گا ۔ ہاہاہا
چلیں آپ اگر اجازت دیں تو آپ کے تجویز کردہ مصرع کو کچھ ایسے کر سکتے ہیں؟
میں ایک مضمون ہوں پرانا نئی کتابوں سے ہٹ / پھٹ چکا ہوں
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
جناب ، میرے ٹاٹ جیسے مصرعوں میں آپ مخمل کا پیوند لگائیں گے تو پھر کیا ہو گا ۔ ہاہاہا
😄😄😄
ان میں سے کوئی ٹھیک لگتا ہے ؟
بس اک پتے پر مجھے جو لکھتے ہیں ان کو شاید خبر نہیں ہے
یا
بس اک پتے پر جو خط ہیں لکھتے انہیں یہ شاید خبر نہیں ہے
استاد صاحب کی رائے کا انتظار کر لیں۔ پھر کوئی تبدیلی کر لیجیے گا
 
مقبول

محفلین
صد شکر کہ آپ کے اشعار میں معانی تو ہیں۔ فنی نقائص، اگر کوئی ہیں تو، وہ رفتہ رفتہ دور ہو جائیں گے۔
بہت نوازش ، علی صاحب
میں ایک کم پڑھ اور نااہلِ زبان شخص ہوں ۔ میرے اشعار بامعنی ہو جائیں تو پھر اور کیا چاہیئے😊😊
 
مقبول

محفلین
جب ایک ہی کتاب کے صفحات ہیں تو کیسے ممکن ہے کہ ایک ورق تو قدامتوں کا امین ہو باقی جدید طرز پر ہوں۔
مقبول بھائی، کیا آپ نے کبھی ایسی کوئی کتاب دیکھی ہے؟؟؟🙂
ہاں کچھ مضامین تو ہو سکتے ہیں جن کا گزرتے وقت کے ساتھ "کتابِ عالم" (ایک مجھے یہ بھی سمجھ نہیں آئی کہ عظیم بھائی نے اس لفظ کو غیر مناسب کیوں کہا) یعنی زمانے کی کتاب سے لوگوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہٹا دیا گیا ہو۔

ویسے کتابِ عالم سے ہٹنے کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ میں اگلے جہان کو سدھار چکا ہوں😄😄
 
Top