بحیرہ عرب میں سپر سائیکلون بن گیا، کل کراچی میں بارش و آندھی کا امکان

جاسم محمد

محفلین
بحیرہ عرب میں سپر سائیکلون بن گیا، کل کراچی میں بارش و آندھی کا امکان
اسٹاف رپورٹر / ویب ڈیسک 4 گھنٹے پہلے
1858202-karachirain-1572189040-330-640x480.jpg

کراچی سمیت زیریں سندھ کے مختلف شہروں اور مکران میں گرج چمک کے بارش کا امکان ہے (فوٹو : فائل)


کراچی: بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان سپر سائیکلون کی شکل اختیار کرگیا، آج شہرمیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں اورآندھی بھی چل سکتی ہے۔

بحیرہ عرب میں موجود طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جاری کردی تیسری ایڈوائزری کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے بعد سائیکلون اب سپر سائیکلون میں تبدیل ہوچکا ہے، کیٹگری 5 کا یہ طوفان بحیرہ عرب میں بننے والے طاقتور ترین طوفانوں میں شامل ہے جو اپنے ساتھ 250 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لے کر چل رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ’کیار‘ اتوار کی صبح تک کراچی کے جنوب میں 860 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود تھا جو بتدریج شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، طوفان براہ راست پاکستان کی کسی ساحلی پٹی پر اثر انداز نہیں ہوگا تاہم طوفان کے شدت اختیار کرنے کے باعث کراچی جبکہ زیریں سندھ کے مختلف شہروں اور مکران میں گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں بارش سے قبل غیر معمولی رفتار کی گرد آلود ہوائیں اور آندھی بھی چل سکتی ہیں، سمندری طوفان کے اثرات کی وجہ سے سمندری لہریں بلند ہوسکتی ہیں اسی وجہ سے ماہی گیروں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ وہ اگلے چند روز تک مچھلی کے شکار کے لیے کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر میں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری رہا، دن کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 17 فیصد ریکارڈ ہوا، اتوار کو بیشتر وقت شمال مغربی تندوتیز اور قدرے گردآلود ہوائیں چلیں جس کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔

لانچوں کے اگلے تین روز تک سمندر میں جانے پر پابندی عائد

دریں اثنا سمندری طوفان کیار کے سبب فشرمینز کو آپریٹیو سوسائٹی نے مچھلی کے شکار پر جانے والی لانچوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا۔

کراچی فش ہاربر پر تعینات سیکیورٹی انچارج ناصر بونیری کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کیار کے کھلے سمندر میں اثرات اور مچھلی کے شکار پر جانے والی چھوٹی بڑی لانچوں کو کسی بھی غیر معمولی حالات سے بچاؤ کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے، آئندہ 3 روز تک کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے والی کشتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ لانچوں کو پورٹ کلیئرنس (اجازت نامے) بند کردیے گئے۔

سیکیورٹی انچارج کے مطابق تھاروچھان، ابراہیم حیدری، کراچی فش ہاربر، ہاکس بے، شمس پیر، مبارک ولیج، ڈام بولیجی پر لانچیں کھڑی کردی گئی ہیں اور سمندر میں پہلے سے موجود لانچوں کو ریڈیو اور تھورایا (سیٹلائٹ فون) کے ذریعے فوری طور پر اپنے قریب ترین جیٹیوں پر پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
 
Top