بتا کے جانا

بچھڑنے والے چلے جو ہو تو بتا کے جاؤ....
کہ کتنی شامیں اداس آنکھوں میں کاٹنی ہیں...؟؟
کہ کتنی صبحیں اکیلے پن میں گزارنی ہیں...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ کتنے سورج عذاب رستوں کو دیکھنا ہے...؟؟
کہ کتنے مہتاب سرد راتوں کی وسعتوں سے نکالنے ہیں...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ چاند راتوں میں وقت کیسے گزارنا ہے...؟؟
خاموش لمحوں میں تجھ کو کتنا پکارنا ہے...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ کتنے لمحے شمار کرنے ہیں ہجرتوں کے...؟؟
کہ کتنے موسم اک ایک کرکے جدائیوں میں گزارنے ہیں...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ پنچھیوں نے اکیلے پن کا سبب جو پوچھا تو کیا کہوں گا...؟؟
کسی نے رستے میں روک کر یہ مجھ سے پوچھا.......کہ پچھلے موسم میں سائے سائے جو اجنبی تھا کہاں گیا ہے...؟؟
تو کیا کہوں گا...؟؟
بتا کے جاؤ....
میں کس سے تیرا گلا کروں گا...؟؟
بچھڑ کے تجھ سے حبیب کس سے ملا کروں گا...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ آنکھ برسی تو کون موتی چنا کرے گا...؟؟
اداس لمحوں میں دل کی دھڑکن سنا کرے گا...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ موسموں کو پیام دینے ہیں....یا نہیں...؟؟
فلک کو، تاروں کو، جگنوؤں کو سلام دینے ہیں....یا نہیں...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ کس پہ ہے اعتبار کرنا...؟؟
تو کس کی باتوں پہ بےنیازی کے سلسلے اختیار کرنا...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ اب رویوں کی چال کیا ہو...؟؟
جواب کیا ہو...؟؟
سوال کیا ہو...؟؟
عروج کیا ہو...؟؟
زوال کیا ہو...؟؟
نگاہ، رخسار، زلف، چہرہ نڈھال کیا ہو...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ میری حالت پہ چاندنی کھلکھلا پڑی تو میں کیا کروں گا...؟؟
کہ میری صورت پہ تیرگی مسکرا پڑی تو میں کیا کروں گا...؟؟
بتا کے جاؤ....
کہ تم کو کتنا پکارنا ہے...؟؟
بچھڑ کے تجھ سے یہ وقت کیسے گزارنا ہے...؟؟
اجاڑنا ہے...؟؟
نکھارنا ہے...؟؟
بدن کو کتنا سنوارنا ہے...؟؟
بتا کے جاؤ....
بتا کے جاؤ....
بچھڑنے والے چلے جو ہو تو بتا کے جاؤ....
بتا کے جاؤ....
بتا کے جاؤ....
 
Top